Time 30 جنوری ، 2025
پاکستان

کراچی کے تاجروں سےگفتگو میں بلاول کا لہجہ دھمکی آمیز تھا: خالد مقبول صدیقی

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان  کے چیئرمین خالد مقبول صدیقی نے الزام لگایا ہےکہ کراچی کے تاجروں سےگفتگو میں بلاول بھٹو زرداری کا لہجہ دھمکی آمیز  تھا۔

کراچی میں پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے  وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ  آپ کہتے ہیں پرچیاں آنا بند ہوگئی ہیں، آج روزانہ کی بنیاد پر بھتہ طلب کیا جا رہا ہے اور  نہ دینے پر  روز قتل کیے جارہے ہیں،  آپ نے تاجروں سے ملاقات میں اسٹریٹ کرائمز  پر معافی کیوں نہیں مانگی؟

خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ کراچی آپ کے آنے کے بعد جس شکل میں ہے اس کی وضاحت تو کریں، آپ سوچے سمجھے منصوبے کے تحت کراچی کو تباہ کر رہے ہیں، گزشتہ  15 سال سے سندھ میں جمہوریت کے نام پر ایک جماعت حکمرانی کر رہی ہے، مگر سندھ کے شہری علاقے بدترین حالات کا شکار  ہیں۔

چیئرمین ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ کراچی میں مصنوعی اکثریت کی حکومت ہے، امید تو یہ تھی کہ بلاول بھٹو کراچی کے تاجروں سے 15 سالہ زیادتیوں پر معافی مانگیں گے، مگر ان کا لہجہ دھمکی آمیز تھا۔ 

اس موقع پر مصطفیٰ کمال نےکہا کہ  بلاول بھٹو سے ملاقات کے لیے جن تاجروں کو بلایا گیا، انہیں دھمکی دی گئی کہ وہ بھتہ خوری کی شکایت نہ کریں، اگر مسائل حل نہ ہوئے تو پھر نئے صوبے بنانے کی آواز  تو  اٹھےگی۔

ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ گزشتہ 15 سے 16 سالوں میں تاجروں، صنعت کاروں اور بلڈرز کی زمینوں پر تیزی سے قبضہ کیا گیا ہے۔


مزید خبریں :