Time 31 جنوری ، 2025
دنیا

امریکا: مسافر طیارے اور فوجی ہیلی کاپٹر میں تصادم کی کچھ وجوہات سامنے آگئیں

واشنگٹن ائیرپورٹ کے قریب مسافر طیارے اور فوجی ہیلی کاپٹر کے آپس میں ٹکرانے کی کچھ وجوہات سامنے آئی ہیں۔

امریکی میڈیا کے مطابق حادثے کے نتیجے میں طیارے اور ہیلی کاپٹر میں سوار تمام 67 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق رونالڈ ریگن ائیرپورٹ کا کنٹرول ٹاور اسٹاف کی کمی کا شکار تھا جہاں 2 کی جگہ ایک کنٹرولر سے کام لیے جانے کاانکشاف ہوا ہے جب کہ  ایک روز پہلے بھی ایک پرواز کو راستہ تبدیل کرنے پر مجبور کیا گیا تھا۔

حادثے کا شکار مسافر طیارے کے پائلٹ کو آخری لمحے میں ہدایت دی گئی تھی کہ وہ رن وے تبدیل کرلے جس کے بعد جہاز نے رخ تبدیل کرلیا تھا۔

رپوٹس میں بتایا گیا ہےکہ حادثے سے 30 سکینڈ پہلے ہیلی کاپٹر کو ہدایت دی گئی کہ آگے بڑھنے سے پہلے مسافر طیارے کو گزرنے دو لیکن کوئی جواب نہ ملا جس کے بعد  زیرتربیت فوجی ہیلی کاپٹر مسافرطیارے سے ٹکراگیا۔

امریکی میڈیا کا کہنا ہےکہ تباہ ہونے والے جہاز اور ہیلی کاپٹر کے بلیک باکس مل چکے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اہم ائیرپورٹ کے پاس زیرتربیت فوجی ہیلی کاپٹروں کو پرواز کی اجازت پرسوالات پیدا ہوگئے ہیں۔

مزید خبریں :