Time 31 جنوری ، 2025
پاکستان

نوجوان کی محبت میں کراچی آئی خاتون کا بیٹا سامنے آگیا، ویڈیو بیان میں حقائق سے پردہ اٹھادیا

کراچی کے نوجوان سے شادی کی دعوے دار  امریکی خاتون کے بیٹے کا ویڈیو بیان سامنے آگیا۔ 

تفصیلات کے مطابق امریکی خاتون اونیجا اینڈریو رابنسن کا امریکا میں موجود بیٹا منظرعام پر آگیا جس نے اصل حقائق سے پردہ اٹھاتے ہوئے اپنی والدہ کو ذہنی مریض قرار دے دیا۔

خاتون کے بیٹے نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ میڈیا کے ذریعے معلوم ہوا والدہ پاکستان میں ہیں، میری والدہ ایک شخص اور اس کے اہلخانہ سے ملنے پاکستان گئی تھیں اور والدہ نے 2 ہفتے کے بعد واپس آنا تھا لیکن وہ نہیں آئیں۔

نوجوان نے مزید کہا کہ میں نے والدہ کو واپسی کے لیے منانے کی بھی بہت کوشش کی لیکن ناکام رہا، میرے بھائی اور میں نے ان کی واپسی کا ٹکٹ بھی کروایا تھا، والدہ ذہنی مریض ہیں ،ان کی سوچنے سمجھنے کی صلاحیت متاثر ہے۔ 

دوسری جانب کراچی آئی ہوئی امریکی خاتون کا برتھ سرٹیفکیٹ اور سوشل سکیورٹی کارڈ بھی سامنے آگیا ہے۔ 

واضح رہے کہ مذکورہ خاتون 19 سالہ نوجوان سے شادی کی خواہش لیے گزشتہ برس 11 اکتوبر سے کراچی میں موجود ہیں اور امریکا واپس جانے سے انکار کر رہی ہیں۔

امریکی خاتون کا کہنا ہے کہ میری شادی آن لائن ہو چکی ہے، پیسوں کے لیے شادی نہیں کی، میرے پاس پیسہ ہے۔


مزید خبریں :