Time 31 جنوری ، 2025
صحت و سائنس

فالج جیسے جان لیوا مرض سے بچنا بہت آسان

فالج جیسے جان لیوا مرض سے بچنا بہت آسان
یہ بات ایک نئی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو

فالج ایسا مرض ہے جو دنیا بھر میں اموات کی ایک بڑی وجہ ہے۔

فالج کے شکار فرد کا فوری علاج نہ ہو تو موت کا خطرہ بہت زیادہ بڑھ جاتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ اس کا خطرہ بڑھانے والے عناصر اور علامات پر نظر رکھنا ضروری ہے۔

فالج کی 2 اقسام ہیں ایک برین ہیمرج جس میں دماغی شریان پھٹ جاتی ہے جبکہ دوسری قسم میں دماغ کو خون پہنچانے والی شریان بلاک ہوجاتی ہے جس سے آکسیجن کی کمی ہوتی ہے اور دماغ کو نقصان پہنچتا ہے۔

موجودہ عہد میں جوان افراد میں فالج جیسے جان لیوا مرض کی شرح میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

مگر اس جان لیوا مرض سے بچنا زیادہ مشکل نہیں بلکہ بہت آسان عادت کو اپنا کر آپ اسے خود سے دور رکھ سکتے ہیں۔

یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

ساؤتھ کیرولائنا یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ ہر ہفتے کم از کم ایک بار خلال کرنے سے فالج کے خطرے کو کم کیا جا سکتا ہے۔

اس تحقیق میں 6 ہزار سے زائد افراد کو شامل کرکے ان سے خلال کرنے کے بارے میں تفصیلات حاصل کی گئیں۔

ان میں سے 4092 افراد کو فالج کا سامنا نہیں ہوا تھا جبکہ زیادہ تر افراد دل کی دھڑکن میں بے ترتیبی کے عارضے سے بھی محفوظ تھے۔

ان افراد سے ہائی بلڈ پریشر، ذیابیطس، کولیسٹرول، تمباکو نوشی، جسمانی وزن، تعلیم اور دانتوں پر برش کی تفصیلات بھی حاصل کی گئی۔

اس کے بعد ان افراد کی صحت کا جائزہ 25 سال تک لیا گیا جس دوران 434 افراد کو فالج کا سامنا ہوا۔

فالج کا سامنا کرنے والے 147 افراد کی خون کی شریان میں رکاوٹ پیدا ہوئی تھی، 97 کو دل سے منسلک بلڈ کلاٹ کا سامنا ہوا جبکہ 95 کی چھوٹی شریانیں سخت ہوگئی تھیں۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ ہر ہفتے کم از کم ایک بار خلال کرنے والے افراد میں دماغ کو خون پہنچانے والی شریان بلاک ہونے سے فالج کا خطرہ 22 فیصد تک گھٹ جاتا ہے۔

اسی طرح دل سے دل تک سفر کرنے والی خون کی رکاوٹ کا خطرہ 44 فیصد جبکہ دل کی دھڑکن میں بے ترتیبی کا خطرہ 12 فیصد تک کم ہو جاتا ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ ہر ہفتے زیادہ خلال کرنے سے فالج کا خطرے میں نمایاں حد تک کمی آتی ہے جبکہ دانتوں یا مسوڑوں کے امراض سے بچنے میں بھی مدد ملتی ہے۔

محققین کو سب سے زیادہ حیرت دل کی دھڑکن میں بے ترتیبی کے عارضے کے خطرے میں کمی سے ہوئی جس سے فالج، ہارٹ فیلیئر یا دل کی دیگر پیچیدگیوں کا خطرہ بڑھتا ہے۔

محققین نے بتایا کہ منہ کی صحت کا خیال نہ رکھنے سے جسم میں ورم بڑھتا ہے جبکہ شریانیں سخت ہوتی ہیں جبکہ خلال کو عادت بنانے سے فالج کا خطرہ گھٹ جاتا ہے۔

اس تحقیق کے نتائج امریکن اسٹروک ایسوسی ایشن کی سالانہ کانفرنس کے موقع پر پیش کیے جائیں گے۔

مزید خبریں :