03 فروری ، 2025
چینی کمپنی ڈیپ سیک کے چیلنج کے بعد اوپن اے آئی کی جانب سے بہت تیزی سے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
پہلے کمپنی کی جانب سے o3 منی آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ماڈل کو مفت صارفین کے لیے متعارف کرایا گیا۔
اب کمپنی کی جانب سے ایک اور سرپرائز اعلان کیا گیا ہے۔
اوپن اے آئی نے اپنے اے آئی چیٹ بوٹ چیٹ جی پی ٹی کے لیے نیا فیچر ڈیپ ریسرچ متعارف کرایا ہے۔
اس نئے فیچر سے چیٹ جی پی ٹی سیکڑوں ویب سائٹ سائٹس اور آن لائن ذرائع کو دریافت اور تجزیہ کرکے تجزیاتی رپورٹس مرتب کرسکے گا۔
اس کے ساتھ ساتھ صارفین اس فیچر کو استعمال کرتے ہوئے فائلز بشمول پی ڈی ایف اور دیگر کو بھی اپ لوڈ کرکے اپنا سوال پوچھ سکتے ہیں۔
اس کے بعد اے آئی چیٹ بوٹ 5 سے 30 منٹ کے اندر جواب فراہم کیا جائے گا۔
ایک سائیڈ پینل میں اے آئی بوٹ کی جانب سے جواب کے ماخذ بھی بتائے جائیں گے۔
کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ اے آئی چیٹ بوٹ وہ کام چند منٹوں میں کرسکے گا جس کو کرنے کے لیے انسانوں کو کئی گھنٹے درکار ہوتے ہیں۔
اوپن اے آئی کے چیف ریسرچ آفیسر مارک چن نے بتایا کہ ہمارا بنیادی مقصد ایسا ماڈل تیار کرنا ہے جو بذات خود نئی تفصیلات کو دریافت کرسکے۔
کمپنی کے مطابق چیٹ جی پی ٹی کی جانب سے ڈیپ سرچ کے دوران حقائق کو مسخ کر دیا جاتا ہے تو صارفین کو نتائج کے حوالے سے محتاط رویے کو اپنانا ہوگا۔
البتہ اوپن اے آئی کی جانب سے وعدہ کیا گیا کہ ان مسائل کو جلد حل کرلیا جائے گا اور وقت کے ساتھ یہ فیچر زیادہ مستند ہو جائے گا۔
ڈیپ ریسرچ فیچر تک رسائی 200 ڈالرز ماہانہ فیس ادا کرنے والے صارفین کو فراہم کی جائے گی۔