Time 04 فروری ، 2025
سائنس و ٹیکنالوجی

باشعور اے آئی سسٹمز نقصان پہنچانے کا باعث بن سکتے ہیں، ماہرین کا انتباہ

باشعور اے آئی سسٹمز نقصان پہنچانے کا باعث بن سکتے ہیں، ماہرین کا انتباہ
ماہرین کی جانب سے ایک تحقیقی مقالہ بھی جاری کیا گیا / فائل فوٹو

احساسات کو محسوس کرنے والے یا ذاتی شعور رکھنے والے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) سسٹمز اس وقت خطرناک ثابت ہوسکتے ہیں جب اس ٹیکنالوجی کو غیر ذمہ دارانہ طریقے سے تیار کیا گیا ہو۔

یہ انتباہ اے آئی ماہرین کی جانب سے ایک کھلے خط میں کیا گیا۔

100 سے زائد ماہرین نے اپنے خط میں اے آئی کو شعور فراہم کرنے سے متعلق تحقیق کو ذمہ دارانہ انداز سے آگے بڑھانے کے لیے 5 اصولوں کو تجویز کیا۔

خیال رہے کہ حالیہ کچھ عرصے میں اے آئی ٹیکنالوجی میں بہت تیزی سے پیشرفت ہوئی ہے جس کے باعث یہ خدشات پیدا ہوئے ہیں کہ اس طرح کے جدید ترین سسٹمز انسانیت کے لیے نقصان دہ ثابت ہوسکتے ہیں۔

کھلے خط میں جن اصولوں کو تجویز کیا گیا ان میں سے ایک یہ تھا کہ اے آئی کے باشعور ہونے کے تجزیے اور اثرات سے متعلق تحقیق کو ترجیح دی جائے تاکہ کسی خطرے سے بچا جاسکے۔

اسی طرح دیگر اصولوں میں تجویز کیا گیا کہ جدید ترین باشعور اے آئی سسٹمز کی تیاری کے حوالے سے حدود طے کی جائیں، اس طرح کے سسٹمز پر کام کو مرحلہ وار آگے بڑھایا جائے، عوام سے نتائج کو شیئر کیا جائے اور باشعور اے آئی کی تیاری کے حوالے سے گمراہ کن بیانات سے گریز کیا جائے۔

اس خط پر لندن یونیورسٹی کے سر Anthony Finkelstein اور ایمازون سمیت دیگر کمپنیوں سے تعلق رکھنے والے اے آئی ماہرین نے دستخط کیے۔

اس خط کے ساتھ ایک تحقیقی مقالہ بھی جاری کیا گیا جس میں زور دیا گیا کہ مستقبل قریب میں باشعور اے آئی سسٹمز کی تیاری یقینی ہے یا کم از کم ایک ایسا ماڈل تو ضرور تیار ہو جائے گا۔

مقالے میں کہا گیا کہ ایسا ممکن ہے کہ بہت زیادہ تعداد میں باشعور اے آئی سسٹمز تیار ہو جائیں اور نقصان پہنچانے کا باعث بن جائیں۔

محققین کے مطابق اگر طاقتور اے آئی سسٹمز خود کو نئی شکل میں دوبارہ تیار کرنے کے قابل ہوگئے تو وہ بڑی تعداد میں اپنی نقول تیار کرسکیں گے، یہی وجہ ہے کہ اس حوالے سے اخلاقی اصولوں کا اطلاق ضروری ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ یہاں تک کہ جو کمپنیاں ایسے سسٹمز تیار کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتیں، انہیں بھی گائیڈلائنز کو اپنانے کی ضرورت ہے۔

مقالے میں تسلیم کیا گیا کہ اے آئی سسٹمز کے باشعور ہونے کی تعریف کے حوالے سے غیریقینی صورتحال موجود ہے اور یہ بھی ابھی واضح نہیں کہ ایسا واقعی ممکن بھی ہے یا نہیں، مگر اس مسئلے کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔

اس مقالے کو جرنل آف آرٹی فیشل انٹیلی جنس ریسرچ میں شائع کیا گیا۔

مزید خبریں :