Time 04 فروری ، 2025
سائنس و ٹیکنالوجی

واٹس ایپ میں چیٹ جی پی ٹی استعمال کرنے کا تجربہ اب پہلے سے زیادہ بہتر

واٹس ایپ میں چیٹ جی پی ٹی استعمال کرنے کا تجربہ اب پہلے سے زیادہ بہتر
ایک رپورٹ میں اس بارے میں بتایا گیا / فائل فوٹو

چیٹ جی پی ٹی آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی سے لیس ایسا ٹول ہے جو بہت تیزی سے انٹرنیٹ کی دنیا کے ہر شعبے کا حصہ بنتا جا رہا ہے۔

یہ اے آئی چیٹ بوٹ مائیکرو سافٹ کے بنگ سرچ انجن اور ایپل کے آئی او ایس 18 کا حصہ بن چکا ہے جبکہ دیگر متعدد آن لائن سروسز میں بھی اسے شامل کیا جا رہا ہے۔

دسمبر 2024 میں اسے واٹس ایپ میں استعمال کرنے کی سہولت اوپن اے آئی کی جانب سے فراہم کی گئی تھی۔

اب اوپن اے آئی کی جانب سے واٹس ایپ میں چیٹ جی پی ٹی استعمال کرنے والے صارفین کے لیے کارآمد فیچر زکا اضافہ کیا گیا ہے۔

اینڈرائیڈ اتھارٹی کی ایک رپورٹ کے مطابق پہلے واٹس ایپ صارفین چیٹ جی پی ٹی سے صرف ٹیکسٹ سوالات کے جوابات حاصل کرسکتے تھے۔

مگر اب اسے تبدیل کیا جا رہا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ اب اوپن اے آئی کی جانب سے واٹس ایپ صارفین میسنجر کے اندر رہتے ہوئے وائس نوٹس اور تصاویر کو چیٹ جی پی ٹی سے سوالات کے جواب جاننے کے لیے استعمال کرسکیں گے۔

چیٹ جی پی ٹی صارفین کی فراہم کردہ تصاویر کا تجزیہ کرسکے گا جبکہ آپ اپنے سوالات کو وائس نوٹس کے ذریعے بھی پوچھ سکیں گے۔

چیٹ بوٹ کی جانب سے وائس کا تجزیہ کرکے اس کے مطابق ٹیکسٹ جواب دیا جائے گا۔

رپورٹ کے مطابق جب آپ واٹس ایپ میں تصویر بھیج کر سوالات پوچھیں گے تو چیٹ بوٹ کی جانب سے تصویر کا تجزیہ اوپن اے آئی کے سرورز کے ذریعے کرکے متعلقہ جوابات دیے جائیں گے۔

اوپن اے آئی کی جانب سے واٹس ایپ میں صارفین کو چیٹ جی پی ٹی اکاؤنٹس پر سائن ان ہونے کی سہولت بھی فراہم کر دی گئی ہے۔

اس سے چیٹ جی پی ٹی کو ماہانہ فیس ادا کرکے استعمال کرنے والے صارفین واٹس ایپ کے اندر ہی پریمیئم فیچرز تک رسائی حاصل کرسکیں گے۔

مزید خبریں :