04 فروری ، 2025
وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین نےکہا ہےکہ اس سال حج کے حوالے سے بہترین انتظامات کیےگئے ہیں، ڈالر کے ریٹ کے تناسب سے خطے ہی نہیں دنیا کا سستا حج کرانے جارہے ہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین کا کہنا تھا کہ عازمین حج کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی، وزارت مذہبی امور جتنا سستا حج پیکج آفر کررہی ہے اتنا دنیا بھر میں کہیں سستا نہیں ہے۔
چوہدری سالک حسین کا کہنا تھا کہ ہر حاجی کو اس کے معاون سے متعلق علم ہوگا، اس سال حج کے اخراجات کم اور سہولیات زیادہ ہوں گی، کم از کم 10 لاکھ 50 ہزار سے 11 لاکھ 75 ہزار روپے پیکیج رکھا گیا ہے، پہلے 10 لاکھ 75 ہزار کا اعلان کیا گیا اب اس میں بھی 25 ہزار فی کس کم کیا گیا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سرکاری اسکیم کے تحت حج کوٹا مکمل ہوچکا ہے، ہم اب مزید کوئی درخواست نہیں لیں گے، 150 عازمین حج کے ساتھ ایک معاون فراہم کر رہے ہیں، ہمارا حجاج سے رابطہ بہت مضبوط ہوگا۔