04 فروری ، 2025
واشنگٹن: امریکا میں گرفتار تارکین وطن افراد کی گوانتانامو بے منتقلی شروع کردی گئی ہے۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق وائٹ ہاؤس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ غیر قانونی تارکین وطن افراد کے خلاف کریک ڈاؤن کے امریکی صدر کے اعلان کے بعد ان افراد کی کیوبا میں بدنام زمانہ امریکی فوجی اڈے گوانتانومو بے منتقلی جاری ہے۔
وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری نے مقامی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیر قانونی تارکین وطن افراد کو گوانتانامو بے لے جانے والی ابتدائی پروازوں کا آغاز ہوچکا ہے۔
اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہوم لینڈ سکیورٹی اور پنٹاگون کو گوانتانامو بے میں خصوصی جگہ بنانے کاحکم دیا تھا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے Laken Riley ایکٹ پر دستخط بھی کیے تھے جس سے غیر قانونی تارکین وطن کو گرفتار کرنا اور جبری بے دخل کرنا آسان ہوگیا ہے۔