08 فروری ، 2025
قومی کرکٹ ٹیم کےکپتان محمد رضوان نے فاسٹ بولر حارث رؤف کی انجری کے حوالے سے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
سہ ملکی سیریز کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف شکست کے بعد گفتگو کرتے ہوئے محمد رضوان نے بتایا کہ ڈاکٹروں کے مطابق حارث رؤف کی انجری پریشانی کا باعث نہیں ہے۔
محمد رضوان کا کہنا تھا کہ ہمیں فیلڈنگ میں تھوڑی بہتری کی ضرورت ہے۔
بولنگ کوچ اظہر محمود نے میڈیا سےگفتگو میں کہا کہ ہمارے پاس تین اسپنرز کی آپشن ہیں، ابرار احمد، خوشدل شاہ اور سلمان آغا ہمارے پاس ہیں، خوشدل بولنگ اور بیٹنگ کے آپشن کے لیےلائےگئے ہیں، ٹیم کی تبدیلی کے بارے میں کوئی بات نہیں ہوئی۔
اظہر محمود کا کہنا تھا کہ حارث رؤف کی ایم آر آئی کرائی ہے پھر پتہ چلےگا، حارث رؤف کے باہر جانے سے ہم ڈیفنس پر چلے گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ ابھی ہم نے کسی تبدیلی کا نہیں سوچا یہ کام سلیکٹرز کا ہے، یہ ہماری بہترین دستیاب ٹیم ہے جس کا انتخاب کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف بولنگ کرتے ہوئے پاکستانی فاسٹ بولر حارث رؤف پسلیوں میں تکلیف کے باعث اوور ادھورا چھوڑ کر گراؤنڈ سے باہر چلےگئے تھے۔
بولنگ کے دوران اپنے ساتویں اوور میں حارث رؤف کو پسلیوں میں تکلیف ہوئی جس پر وہ اوور ادھورا چھوڑ کر گراؤنڈ سے باہر چلےگئے۔ حارث کے جانے کے بعد سلمان آغا نے حارث رؤف کا اوور مکمل کیا۔
اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا کہنا ہےکہ حارث رؤف کو لو گریڈ ون اسٹرین کا سامنا ہے، انہیں پیٹ کے مسلز میں بھی تکلیف ہے، فوری طور پر حارث رؤف کی ٹریٹمنٹ کی گئی ہے ۔
خیال رہے کہ حارث رؤف چیمپئنز ٹرافی کے اسکواڈ میں بھی شامل ہیں۔