09 فروری ، 2025
لاہور: سہ فریقی ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں انجری کا شکار ہونے والے فاسٹ بولر حارث رؤف کو جنوبی افریقا کے خلاف دوسرے میچ میں آرام دیے جانے کا امکان ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم آج لاہور سے کراچی روانہ ہو گی، پاکستان کرکٹ ٹیم کل ٹریننگ سیشن نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کراچی میں کرے گی جہاں جنوبی افریقا سے ان کا مقابلہ 12 فروری کو شیڈول ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ سیریز کے پہلے میچ کے دوران بولنگ کرتے ہوئے پسلیوں کے درد کے باعث گراؤنڈ سے باہر جانے والے فاسٹ بولر حارث رؤف پہلے سے بہتر محسوس کر رہے ہیں تاہم ٹیم مینجمنٹ جنوبی افریقا کے خلاف حارث رؤف کو کھلا کر رسک نہیں لینا چاہتی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقا کے خلاف میچ میں حارث رؤف کو آرام دیے جانے کا امکان ہے تاہم حارث رؤف سے متعلق حتمی فیصلہ ایم آر آئی کی رپورٹس کی روشنی میں کیا جائے گا۔
سہ ملکی سیریز کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 78 رنز سے شکست دی تھی۔