09 فروری ، 2025
کپل شرما کا شمار بھارت کےکامیاب کامیڈین میں ہوتا ہے جن کا شو بھارت سمیت دنیا بھر میں مقبول ہے۔
کپل شرما نے یہ کامیابی راتوں رات حاصل نہیں کی بلکہ انہوں نے طول جدوجہد اور سخت محنت کے بعد یہ مقام حاصل کیا ہے۔
تاہم بھارتی میڈیا کے مطابق بعض لوگوں کی رائے ہےکہ کامیاب ہونے کے بعد کپل شرما مغرور ہوگئے ہیں۔
اس حوالے سے کپل شرما کے دوست اور ساتھی اداکار راجیو ٹھاکر کا ردعمل سامنے آیا ہے۔
ایک حالیہ انٹرویو میں راجیو ٹھاکر کا کہنا تھا کہ کپل پر بہت زیادہ پریشر ہوتا ہے جو کہ لوگ نہیں سمجھتے،کون دو ڈھائی گھنٹے طویل پروگرام کا اسکرپٹ یاد رکھ سکتا ہے؟ وہ کبھی نہیں اٹکتا اور ایسا کبھی نہیں ہوا۔
راجیو ٹھاکر کا کہنا تھا کہ شو میں کپل کو بہت کام کرنا ہوتا ہے، اگر میں کپل کی طرح کامیاب اور مشہور ہوجاؤں تو میں تو ہوش کھو بیٹھوں۔کپل جس بہتر طریقے سے اپنی شہرت کو سنبھال رہا ہے ایسے کوئی نہیں کرتا، میں خود جو کہ کپل کے مقابلے میں 5 فیصد بھی کامیاب نہیں ہوں، لیکن کبھی کبھی مداحوں سے تنگ آجاتا ہوں، لیکن آپ دیکھیں کہ کپل کس گرم جوشی سے اپنے مداحوں سے ملتا ہے۔
انٹرویو میں راجیو ٹھاکر نے کپل شرما اور سنیل گروور کے درمیان ہونے والی لڑائی پر بھی بات کی۔
راجیو ٹھاکر کا کہنا تھا کہ اب ان دونوں کے درمیان کسی قسم کی رنجش نہیں ہے، یہاں کون نہیں لڑتا؟ اگر ان کے درمیان لڑائی سنجیدہ نوعیت کی ہوتی تو کیا آج وہ ایک ساتھ کام کر رہے ہوتے؟
راجیو ٹھاکر نے مزید کہا کہ پیسوں کے لیے انسان مل کر کام کرتا ہے لیکن اگر آپ سیٹ کا ماحول دیکھیں گے تو پتہ چلے گا کہ دونوں ایک دوسرے کے ساتھ کام کرکےکتنا انجوائے کرتے ہیں۔