10 فروری ، 2025
اداکار سیف علی خان نے گھر میں خود پر ہونے والے حملے میں زخمی ہونے کے بعد بیٹے تیمور کے ردعمل کے بارے میں بتایا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بالی وڈ اداکار سیف علی خان نے گزشتہ مہینے اپنے گھر ہونے والی واردات کا قصہ اور اس میں اپنے معصوم بیٹے کے ردعمل کے حوالے سے ایک انٹرویو میں گفتگو کی ہے۔
اداکار نے بتایا کہ شروع میں مجھے بالکل احساس نہیں ہوا کہ مجھے چھری لگی ہے، کچھ تکلیف تو محسوس ہو رہی تھی، جیسے میری کمر میں کچھ مسئلہ ہوا ہے، اس دوران کرینہ مجھے کہنے لگیں کہ آپ اسپتال پہنچیں، میں اپنی بہن کے گھر چلی جاتی ہوں، وہ جلدی میں کالز کر رہی تھی، اس وقت کوئی اور نہیں تھا۔
سیف علی خان کا کہنا ہے کہ میں نے انہیں کہا کہ میں ٹھیک ہوں، ابھی مر نہیں رہا، اس موقع پر چھوٹے بیٹے تیمور نے مجھ سے پوچھا کیا آپ مر جائیں گے؟ تاہم میں نے انہیں جواب نہیں دیا۔
واضح رہے کہ لیلا وتی اسپتال میں ڈاکٹرز نے میڈیا بریفنگ میں بتایا تھا کہ زخمی سیف علی خان اپنے بیٹوں تیمور اور ابراہیم کے ہمراہ اسپتال پہنچے تھے۔
اداکار نے بتایا کہ جب میں نے اسپتال میں تیمور کو دیکھا تو وہ مکمل مطمئن نظر آئے، وہاں انہیں دیکھ کر مجھے بہت سکون ملا، میں اس وقت اکیلا نہیں رہنا چاہتا تھا۔
سیف علی خان نے کہا کہ شاید کرینہ نے انہیں میرے ساتھ اسی لیے روانہ کیا تھا کہ وہ جانتی تھیں کہ اس حالت میں تیمور کا میرے ساتھ رہنا کتنا ضروری ہے۔