Time 10 فروری ، 2025
کھیل

بمراہ چیمپئنز ٹرافی کھیلیں گے یا نہیں؟ فیصلہ کل ہوگا

بمراہ چیمپئنز ٹرافی کھیلیں گے یا نہیں؟ فیصلہ کل ہوگا
 آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 19 فروری کو شروع ہوگی،فوٹو: فائل

بھارتی فاسٹ بولر  جسپریت بمراہ  کی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کا حتمی فیصلہ کل ہوگا۔

کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق چیمپئنز ٹرافی کے اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کی حتمی فہرست جمع کرانےکے لیے 11 فروری آخری تاریخ ہے۔ 

رپورٹ کے مطابق حال ہی میں  بمراہ کی کمر کا اسکین کیا گیا ہے اور اسکواڈ کے حتمی اعلان سے قبل بمراہ کی دستیابی کے حوالے سے  انڈین ٹیم کے سلیکٹرز  بی سی سی آئی کے میڈیکل اسٹاف  کے ساتھ مشورہ کریں گے جس کے بعد فیصلہ کیا جائےگا۔

اس سے قبل یہ اطلاع سامنے آئی تھی کہ 31 سالہ فاسٹ بولر ایک دو دنوں میں پریکٹس شروع کردیں گے۔

خیال رہےکہ آسٹریلیا کے حالیہ دورے کے اختتام پر بمراہ کو کمر کے درد کا سامنا کرنا پڑا تھا، جس کی وجہ سے وہ سڈنی میں پانچویں ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں بولنگ نہیں کر سکے تھے۔

بارڈرگواسکر ٹرافی کے دوران بمراہ نے 5 ٹیسٹ میچوں میں مجموعی طور پر 151.2 اوورز کروائے اور 32 وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہے۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ میں  بتایا گیا  تھا کہ اگر بمراہ کو گریڈ 1 کی انجری ہوئی ہے تو ان کی ریکوری میں 2 سے 3 ہفتے لگ سکتے ہیں۔گریڈ 2 کی انجری کی صورت میں بمراہ کی ریکوری 6 ہفتوں تک بڑھ سکتی ہے جب کہ گریڈ 3 کی انجری انہیں 3 ماہ کے لیے کھیل سے باہر کرسکتی ہے۔

بمراہ انگلینڈ سے ہونے والی ون ڈے سیریز کے اسکواڈ میں شامل ہیں تاہم انہوں نےکوئی میچ نہیں کھیلا ہے جب کہ وہ چیمپئنز ٹرافی کے عارضی 15 رکنی اسکواڈ میں بھی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 19 فروری کو شروع ہوگی۔

مزید خبریں :