10 فروری ، 2025
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ غزہ منصوبے کے تحت فلسطینیوں کو غزہ واپس آنے کا حق حاصل نہیں ہوگا کیونکہ انہیں اس سے کہیں بہتر رہائش مل جائے گی۔
ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ غزہ کے باہر فلسطینیوں کی رہائش کے لیے 6 مختلف جگہیں ہوں گی۔
امریکی میڈیا کو انٹرویو میں امریکی صدر نے کہا کہ وہ فلسطینیوں کے لیے ایک مستقل جگہ بنانے کی بات کر رہے ہیں، فلسطینیوں کو اگر واپس بھی آنا ہو تو کئی سال لگ جائیں گے کیونکہ غزہ ابھی رہنے کے قابل نہیں۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ غزہ کے 20 لاکھ سے زائد فلسطینیوں کے لیے خوبصورت رہائشی علاقے بنائیں گے، ایسے رہائشی علاقے جو محفوظ ہوں گے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں امریکی صدر ٹرمپ نے غزہ پر قبضہ کرنے کا اعلان کیا تھا، ٹرمپ کا کہنا تھا کہ جنگ ختم ہونے کے بعد غزہ کی پٹی اسرائیل کے ذریعے امریکا کے حوالے کردی جائے گی۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اس وقت تک فلسطینی اس خطے میں نئے اور جدید گھروں کے ساتھ کہیں زیادہ محفوظ اور خوبصورت کمیونٹیز میں دوبارہ آباد ہو چکے ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ اس کام کے لیے امریکا کو کسی فوجی کی ضرورت نہیں پڑے گی اور اس سے خطے میں استحکام آئے گا۔