11 فروری ، 2025
بالی وڈ اداکار سیف علی خان نے حملے کے باوجود سکیورٹی لینے سے انکار کردیا۔
گزشتہ ماہ ممبئی کے علاقے باندرہ میں سیف علی خان کے اپارٹمنٹ میں ڈکیتی کی واردات ہوئی تھی جسے اداکار نے مزاحمت کرتے ہوئے ناکام بنا دیا تھا تاہم اس دوران وہ زخمی بھی ہوئے تھے۔
ڈکیتی کی واردات کے بعد خبریں سامنے آئیں کہ بالی وڈ اداکار رونت رائے کی سکیورٹی ایجنسی سیف علی خان کے گھر کو سکیورٹی فراہم کرے گی جس کیلئے سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کردیے گئے ہیں جب کہ رونت رائے کو سیف کے باندرہ گھر کے باہر پولیس اہلکاروں سے بات کرتے بھی دیکھا گیا تھا۔
تاہم اس حوالے سے اب سیف علی خان نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کے دوران زیادہ سکیورٹی نہ رکھنے کی وجہ بتائی۔
اداکار نے کہا کہ میں نے کبھی بھی سکیورٹی پر یقین نہیں کیا، میں کبھی بھی سکیورٹی گارڈز کے ساتھ نہیں چلنا چاہتا تھا، مجھے لگتا ہے کہ یہ میرے لیے ایک ڈراؤنا خواب ہوگا اور میں اب بھی نہیں چلوں گا کیونکہ مجھے نہیں لگتا کہ یہ مجھ پر حملہ ہے، کسی بھی خطرے میں نہیں ہوں، ہم میں سے کسی کو بھی کسی قسم کا خطرہ نہیں ہے، یہ ایک غلطی ہے جو ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ اداکار سیف علی خان کے گھر ڈکیتی کرنے والا بنگلادیشی شہری ہے اور قومی سطح پر کبڈی کا کھلاڑی ہے جو اس وقت پولیس کی حراست میں موجود ہے۔