11 فروری ، 2025
والدین کی جانب سے اسمارٹ فونز پر گزارے جانے والا وقت براہ راست بچوں کی آن لائن مواد دیکھنے کی ترجیحات پر اثرانداز ہوتا ہے۔
یہ انتباہ امریکا میں ہونے والی ایک تحقیق میں سامنے آیا۔
کیلیفورنیا یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ اگر والدین چاہتے ہیں کہ بچے اسکرینوں کے سامنے کم وقت گزاریں تو انہیں خود اسمارٹ فونز کے استعمال کو کم از کم کرنا ہوگا۔
اس تحقیق میں 10 ہزار سے زائد 12 سے 13 سال کی عمر کے بچوں کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی گئی۔
تحقیق میں مشاہدہ کیا گیا کہ جب والدین بچوں کے ساتھ گزارے جانے والے وقت کے دوران اسمارٹ فونز یا دیگر اسکرینوں کا زیادہ استعمال کرتے ہیں، تو اس سے بچوں کے اندر اسکرینوں کے سامنے وقت گزارنے کی خواہش میں اضافہ ہوتا ہے۔
تحقیق میں یہ بھی دریافت کیا گیا کہ جب بچے اسکرینوں کے سامنے زیادہ وقت گزارتے ہیں تو ان کی جانب سے نامناسب مواد کو دیکھے جانے کا امکان بھی بڑھتا ہے۔
تحقیق کے مطابق جو والدین اسکرینوں کے سامنے بہت زیادہ وقت گزارتے ہیں ان کے بچوں میں نامناسب آن لائن مواد دیکھے جانے کا خطرہ 11 فیصد زیادہ ہوتا ہے۔
محققین نے بتایا کہ اگر بچوں کی جانب سے اسمارٹ فونز کا استعمال سونے کے کمرے میں کیا جائے تو 44 فیصد امکان ہوتا ہے کہ بچے نامناسب مواد تک پہنچ جائے۔
اسی طرح اگر گھر والوں کے کھانے کے وقت کے دوران والدین فونز میں مصروف رہتے ہیں تو بچوں میں نامناسب مواد تک رسائی کا امکان 19 سے 26 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔
محققین کے مطابق سونے کے کمرے میں اسمارٹ فونز کے استعمال سے بچوں کی آن لائن ترجیحات پر سب سے زیادہ مضبوط اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ جب بچوں کو بلا روک ٹوک اسکرینوں تک رسائی حاصل ہو اور وہ سونے کے کمرے میں ایسا کریں تو نامناسب مواد تک رسائی کا امکان یا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
اس تحقیق کے نتائج جرنل BMC Pediatrics میں شائع ہوئے۔