11 فروری ، 2025
کراچی: رنگ و نور کی برسات، شاندار آتش بازی اور میوزک کی جھنکار میں نو تعمیر شدہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی کا افتتاح کردیا گیا۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری، وزیراعلٰی سندھ مراد علی شاہ اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے تختی کی نقاب کشائی کر کے اسٹیڈیم کا افتتاح کیا۔
افتتاح کے بعد آتش بازی کا دلکش مظاہرہ ہوا اور پھر ملک کے نامور فنکاروں نے رنگ جمایا، افتتاحی تقریب میں ہزاروں کرکٹ دیوانے اسٹیڈیم میں موجود تھے۔
اس سے قبل کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم کی تعمیر نو میں حصہ لینے والے مزدوروں کے اعزاز میں خصوصی تقریب ہوئی جس میں ورکرز کا ریڈ کارپٹ استقبال کیا گیا۔
چیئرمین پی سی بی کی جانب سے 700 سے زائد ورکرز کے اعزاز میں خصوصی طعام کا اہتمام کیا گیا۔ انہوں نے دن رات محنت کرکے اسٹیڈیم کا کام مکمل کرنے پر مزدوروں کو خراج تحسین پیش کیا۔
محسن نقوی نے مزدوروں کے ساتھ فرداً فرداً ملاقات کی اور ان سے بات چیت کی، چئیرمین پی سی بی نے مزدوروں کو کل پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان میچ دیکھنے کی دعوت دی۔
تقریب سے خطاب میں محسن نقوی کا کہنا تھاکہ آج کے مہمان خصوصی یہ تمام مزدور ہیں، ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں، آپ تمام مبارکباد کے مستحق ہیں کہ دن رات لگا کر اس کام کو مکمل کیا۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل اسٹیڈیم میں ابھی اور کام باقی ہے جو چیمپئنز ٹرافی کے بعد کریں گے، کراچی کی بلڈنگ کا کام لاہور سے بہتر ہوا ہے۔