12 فروری ، 2025
اردن کے بادشاہ شاہ عبداللہ دوم کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات ہوئی ہے جس میں غزہ اور خطے کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق منگل کو اردن کے بادشاہ شاہ عبداللہ وائٹ ہاؤس میں صدر ٹرمپ سے ملاقات کیلئے پہنچے۔
اس موقع پر امریکی صدر ٹرمپ نے کہا ہم غزہ کو خریدنے نہیں جا رہے، غزہ کو امریکی انتظامیہ کے ماتحت لیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل سے مغربی کنارے کا الحاق بھی ہوگا،اردن، مصر میں زمین کے کچھ حصے ایسے ہیں جہاں فلسطینی حفاظت سے رہ سکتے ہیں،99 فیصد امید ہے مصر کے ساتھ مل کر حل نکال لیں گے۔
دوسری جانب شاہ عبداللہ کا کہنا تھا کہ خطے میں امن اور خوشحالی کے خواہاں ہیں، ٹرمپ کی حمایت ان ہی مقاصد کے حصول کے لیے کریں گے، ہمیں وہ کرنا ہے جو ہمارے اور سب کے مفاد میں ہو، ہمیں ابھی مصر کی طرف سے آنے والے منصوبے کا انتظار کرنا چاہیے۔
امریکی صدر سے ملاقات کے بعد اردن کے شاہ عبداللہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ٹرمپ سے ملاقات میں غزہ سے فلسطینیوں کی نقل مکانی کو مسترد کرنے کا اعادہ کیا، دو ریاستی حل کی بنیاد پر امن کا حصول ہی علاقائی استحکام کو یقینی بنانے کا راستہ ہے۔
شاہ عبداللہ کا کہنا تھا کہ ٹرمپ امن پسند ہیں انہوں نے غزہ جنگ بندی یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔غزہ جنگ بندی برقرار رکھنے کے لیے امریکا اور اسٹیک ہولڈرز کی طرف دیکھتے ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ میرا خیال ہے کہ اردن پناہ گزین لینے پر تیار ہوجائے گا۔ اردن اور مصر اگر پناہ گزینوں کو نہیں لیتے تو ان دونوں ممالک کی امداد بند کرسکتے ہیں۔