Time 12 فروری ، 2025
پاکستان

وزیراعظم سے ایم ڈی آئی ایم ایف کی ملاقات، پروگرام مؤثر طریقے سے نافذکرنے پر پاکستان کی تعریف

وزیراعظم سے ایم ڈی آئی ایم ایف کی ملاقات، پروگرام مؤثر طریقے سے نافذکرنے پر پاکستان کی تعریف
ایم ڈی آئی ایم ایف سے ملاقات میں پاکستان کی معاشی ترقی اور جاری اصلاحات پر گفتگو کی اور دیرپا ترقی سمیت معاشی استحکام کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا: وزیراعظم۔ 

دبئی: وزیراعظم شہباز شریف سے منیجنگ ڈائریکٹر آئی ایم ایف کرسٹالینا جارجیوا کی ملاقات ہوئی جس دوران آئی ایم ایف پروگرام سمیت دیگر اہم امور  پر گفتگو ہوئی۔ 

وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ روز دبئی میں ورلڈ گورنمنٹس سمٹ 2025 کے موقع پر ایم ڈی آئی ایم ایف کرسٹالینا جارجیوا سے کی ملاقات کی جس میں پاکستان کے لیے آئی ایم ایف پروگرام اور حکومتی اصلاحات سےحاصل میکرو اکنامک استحکام پر گفتگو ہوئی۔ 

تفصیلات کے مطابق ایم ڈی آئی ایم ایف سے ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف نے مالیاتی نظم و ضبط برقرار رکھنے پر بھی پاکستان کے عزم کو اجاگر کیا اور ٹیکس اصلاحات، انرجی سیکٹرکی بہترکارکردگی سمیت اہم شعبوں میں پیشرفت برقراررکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ 

وزیر اعظم ہاؤس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے آئی ایم ایف کی ٹیم کو معاشی استحکام کے لائحہ عمل، مؤثرکارکردگی اور منصوبہ بندی کی پائیداری کے لیے بھی حکومتی عزم کا یقین دلایا۔ 

اس موقع پر وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ ایم ڈی آئی ایم ایف سے ملاقات میں پاکستان کی معاشی ترقی اور جاری اصلاحات پر گفتگو کی، ہم نے دیرپا ترقی اور معاشی استحکام کے مشترکہ عزم کہ اعادہ کیا، میکرو استحکام سے دیر پا ترقی اور خوشحالی کے سفر پر آئی ایم ایف کے مدد کی قدر کرتے ہیں۔

ملاقات میں ایم ڈی آئی ایم ایف نے پروگرام مؤثرطریقےسے نافذکرنے میں پاکستان کی کوششوں اور اصلاحاتی ایجنڈے پر عملدرآمد کے لیے وزیراعظم کے ذاتی عزم کو سراہا۔ 

کرسٹالینا جارجیوا کا کہنا تھا وزیراعظم پاکستان اور ان کی ٹیم سے ملاقات شاندار رہی، پاکستان میں آئی ایم ایف کی حمایت یافتہ اصلاحات پر وزیراعظم کاعزم حوصلہ افزا ہے، پاکستان میں نوجوانوں کی ترقی اور روزگار سے متعلق فیصلہ کن اقدامات کی حمایت کرتے ہیں۔ 

کرسٹالینا جارجیوا نے کہا کہ پاکستان کی معیشت استحکام کےبعد ترقی کی سمت گامزن ہو رہی ہے، پاکستان کی معیشت کی افراط زرمیں کمی کے ساتھ کارکردگی اچھی ہے، پاکستان معاشی بحالی کے حصول کے بعد ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ 

مزید خبریں :