12 فروری ، 2025
نئی دہلی: تیجس طیاروں کی تیاری میں تاخیر پر بھارتی فضائیہ کے سربراہ بھارت کے سرکاری طیارہ ساز ادارے ہندوستان ایروناٹکس لمیٹڈ (ایچ اے ایل) پر برس پڑے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بینگلورو میں ہونے والے ائیر شو میں شرکت کے دوران بھارتی لڑاکا طیارے تیجس کی طیاری میں تاخیر پر بھارتی فضائیہ کے ائیر چیف مارشل امر پریت سنگھ نے ایچ اے ایل حکام کو آڑے ہاتھوں لیا۔
واقعے کی ویڈیو میں بھارتی فضائیہ کے سربراہ کو کہتے سنا جاسکتا ہے کہ آپ کو فضائیہ کے خدشات دور کرنے ہوں گے، اس وقت مجھے ایچ اے ایل پر بالکل بھروسہ نہیں ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق انہوں نے مزید کہا کہ مجھ سے وعدہ کیا گیا تھا کہ میں جب فروری میں یہاں آؤں گا تو مجھے 11 تیجس ایم کے ون اے طیارے تیار ملیں گے لیکن اب تک ایک بھی طیارہ تیار نہیں ہوا۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق بھارتی فضائیہ نے ایچ اے ایل کو 83 تیجس ایم کے ون اے طیاروں کے لیے 364.68 ارب بھارتی روپے کا ٹھیکہ دیا تھا۔
ایچ اے ایل نے فروری 2024 میں طیاروں کی فراہمی شروع کرنی تھی تاہم انجنز کے حصول میں مشکلات کے باعث ان طیاروں کی فراہمی میں تاخیر ہورہی ہے۔
خبررساں ایجنسی کے مطابق ایچ اے ایل کے سربراہ کاکہنا ہے کہ انہوں نے وعدہ کیا ہے کہ طیاروں کے اسٹرکچر تیار کرلیے جائیں گے اور جیسے ہی انجن دستیاب ہوں گے تو طیاروں کو ائیر فورس کے حوالے کردیا جائے گا۔