Time 12 فروری ، 2025
دنیا

روس نے بھارت کو جدید ففتھ جنریشن لڑاکا طیارے فراہم کرنے کی پیشکش کردی

روس نے بھارت کو جدید ففتھ جنریشن لڑاکا طیارے فراہم کرنے کی پیشکش کردی
روسی ایس یو 57 لڑاکا طیارہ— فوٹو: فائل

نئی دہلی: روس نے بھارت کو جدید ففتھ جنریشن لڑاکا طیارے فراہم کرنے کی پیشکش کردی۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق روسی اور بھارتی حکام نے گزشتہ روز بتایا کہ روس کی جانب سے بھارتی فضائیہ کے لیے جدید ففتھ جنریشن لڑاکا طیارہ ایس یو 57 بھارت میں ہی تیار کرنے کی پیشکش کی گئی ہے۔

خبررساں ایجنسی کے مطابق ہتھیار برآمد کرنے والے روس کے سرکاری ادارے روسوبورون ایکسپورٹ کے ترجمان کے مطابق اگر بھارت یہ پیشکش قبول کرتا ہے تو بھارت میں طیاروں کی تیاری رواں سال سے ہی شروع ہوسکتی ہے۔

خبررساں ایجنسی کے مطابق بھارتی وزارت دفاع نے فوری طور پر اس حوالے سے کوئی ردعمل نہیں دیا۔

خیال رہے کہ روسی ایس یو57 طیارے کو امریکا کے جدید ترین ففتھ جنریشن لڑاکا طیارے ایف 35 کا مدمقابل سمجھا جاتا ہے۔

روس نے بھارت کو جدید ففتھ جنریشن لڑاکا طیارے فراہم کرنے کی پیشکش کردی
روسی ایس یو 57 طیارے (دائیں) کو امریکی ایف 35 طیارے (بائیں) کا مدمقابل سمجھا جاتا ہے— فوٹو: فائل

خبررساں ایجنسی نے روسی اور بھارتی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کے سرکاری طیارہ ساز ادارے ہندوستان ایروناٹکس لمیٹڈ کے اہلکاروں کے ساتھ بات چیت میں روس کی جانب سے ایس یو 57 کی بھارت میں تیاری کی غیر رسمی پیشکش کی گئی۔

روسوبورون ایکسپورٹ کے ترجمان نے بنگلورو میں ہونے والے ائیر شو کے موقع پر صحافیوں کو بتایا کہ ٹیکنالوجی کی مکمل منتقلی کے ساتھ بھارت میں ان طیاروں کی تیاری اس بات کو یقینی بنائے گی کہ روس پر مغربی پابندیوں سے طیارے کی پیداوار متاثر نہ ہو۔

ترجمان نے کہا کہ  ایس یو 30 طیاروں کی بھارتی پروڈکشن لائن میں بہتری کے بعد ایس یو 57 طیارے تیار کیے جاسکتے ہیں۔


مزید خبریں :