Time 13 فروری ، 2025
پاکستان

جسٹس سرفراز ڈوگر قائم مقام چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ تعینات، نوٹیفکیشن جاری

جسٹس سرفراز ڈوگر قائم مقام چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ تعینات، نوٹیفکیشن جاری
جسٹس سرفراز ڈوگر مستقل چیف جسٹس کی تعیناتی تک فرائض سرانجام دیں گے، وزارت قانون و انصاف کا نوٹیفکیشن— فوٹو:فائل

جسٹس سرفراز ڈوگر کو قائم مقام چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ تعینات کردیا گیا۔

وزارت قانون و انصاف نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا جس میں کہا گیا ہے کہ جسٹس سرفراز ڈوگر مستقل چیف جسٹس کی تعیناتی تک فرائض سرانجام دیں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں جوڈیشل کمیشن نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق کی سپریم کورٹ میں تعیناتی کی منظوری دی گئی ہے، اس کے علاوہ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کی بطور ایکٹنگ جج تعیناتی کی منظوری دی۔

اس کے علاوہ سپریم کورٹ کے 6 مستقل ججز اور ایک عارضی جج کی تقرری کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔

وزارت قانون و انصاف نے صدر مملکت کی منظوری کے بعد نوٹی فکیشن جاری کیا جس کے مطابق جسٹس ہاشم کاکڑ، جسٹس شفیع صدیقی، جسٹس صلاح الدین سپریم کورٹ کے جج تعینات کردیے گئے۔

نوٹی فکیشن کے مطابق جسٹس شکیل احمد، جسٹس عامر فاروق اور جسٹس اشتیاق ابراہیم بھی سپریم کورٹ کے جج تعینات ہوگئے۔

نوٹی فکیشن میں بتایا گیا کہ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب آرٹیکل 181 اور 175 اے کے تحت سپریم کورٹ کے ایکٹنگ جج تعینات کیے گیے ہیں جبکہ جسٹس اعجاز سواتی قائم مقام چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ تعینات ہوگئے۔

نوٹی فکیشن کے مطابق جسٹس اعجاز سواتی مستقل چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ کے تقرر تک فرائض سرانجام دیں گے۔

اس کے علاوہ جسٹس جنید غفار قائم مقام چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جبکہ جسٹس عتیق شاہ قائم مقام چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ تعینات کیے گئے ہیں۔

مزید خبریں :