13 فروری ، 2025
دانتوں کو صاف رکھنا اچھی صحت کے لیے انتہائی ضروری ہے جس کے لیے ہم روزانہ کی بنیاد پر دانتوں کو برش تو کرتے ہیں لیکن کیا ہمیں معلوم ہے کہ ہم اپنے دانت درست طریقے سے صاف کرتے ہیں یا نہیں۔
انٹرنیٹ پر وائرل ہونے والی مختلف ویڈیوز کے مطابق اپنے دانتوں کو برش کرنے کے بعد کلی کرنے سے مکمل پرہیز کرنا چاہیے۔
وائرل ویڈیوز میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایسا کرنے سے ٹوتھ پیسٹ میں موجود فلورائیڈ کو اپنا کام کرنے کے لیے مناسب وقت نہیں ملتا کیونکہ فلورائیڈ دانتوں کی حفاظت کا کام کرتا ہے، یہ دانتوں کو کیڑا لگنے اور دیگر مسائل سے بچاتا ہے۔
ڈینٹسٹ کیا کہتے ہیں؟
آپ کو یہ جان کر حیرت ہوگی کہ ڈینٹسٹ بھی اس بات سے اتفاق کرتے ہیں کہ دانتوں کو صاف کرنے کے بعد فوری کلی کرکے دانتوں کو نہیں دھونا چاہیے۔
دانتوں کے ڈاکٹر اضافی ٹوتھ پیسٹ کو تھوکنے اور پانی پینے سے پہلے 20 سے30 منٹ تک انتظار کرنے کا مشورہ دیتے ہیں۔
بھارت سے تعلق رکھنے والے ایک ڈینٹسٹ ڈاکٹر سمن یادو نے مشورہ دیا کہ اگر کسی کو دانت صاف کرنے کے فوراً بعد کلی کرنے کی ضرورت محسوس ہو تو وہ فلورائیڈ والے ماؤتھ رینس کا استعمال بھی کر سکتا ہے۔
دانتوں کی صفائی کا خیال کیسے رکھا جائے؟
دن میں دو بار اپنے دانتوں پر نرم برش کا استعمال کریں اور سرکلر موشن میں برش کریں تاکہ دانتوں کی تمام سطحیں صاف ہو جائیں۔
پانی کا زیادہ استعمال کریں اور میٹھی اور تیزابیت پیدا کرنے والی اشیاء سے پرہیز کریں۔
اینٹی بیکٹیریل ماؤتھ واش کا استعمال کریں اور ساتھ ہی تمباکو نوشی سے پرہیز کریں۔
ان چند باتوں کا خیال رکھ کر نہ صرف آپ اپنے دانتوں بلکہ مسکراہٹ کو بھی خوبصورت بنا سکتے ہیں۔