15 فروری ، 2025
سہ فریقی سیریز کے فائنل میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان کا کہنا ہے کہ 280 رنز اسکور کرنا چاہتے تھے لیکن نیوزی لینڈ کے بولرز نے بیٹرز پر دباؤ رکھا۔
جمعہ کو نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دیکر سہ ملکی سیریز اپنے نام کرلی۔پاکستان کے 243 رنز کا ہدف کیویز نے 46 ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم 280 رنز اسکور کرنا چاہتے تھے لیکن نیوزی لینڈ کے بولرز نے ہمارے بیٹرز پر دباؤ رکھا۔ فیلڈنگ کا شعبہ ابھی کمزور ہے، یہی وہ ڈپارٹمنٹ ہے جس میں ہمیں بہتری کی ضرورت ہے۔
دوسری جانب نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان مچل سینٹنر نے کہا کہ تین ملکی سیریز میں کسی ایک نے نہیں سب نے ہی اچھی پرفارمنس پیش کی جو چیمپئنز ٹرافی جیسے ایونٹ کیلئے خوش آئند ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ فائنل میں ٹیم نے تمام شعبوں میں اچھی کارکردگی دکھائی جس کی وجہ سے فتح حاصل ہوئی۔
واضح رہے کہ 19 فروری سے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا آغاز ہورہا ہے۔ افتتاحی میچ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ مد مقابل ہوں گے۔