16 فروری ، 2025
ایپل نے آئی فون 16 سیریز کو ستمبر 2024 میں متعارف کرایا تھا اور نئے ماڈلز کو پیش کرنے میں ابھی کافی وقت ہے۔
مگر آئی فون 17 سیریز کے حوالے سے لیکس کا سلسلہ جاری ہے اور اب 2025 کے آئی فون کا ممکنہ ڈیزائن سامنے آیا ہے۔
ایکس (ٹوئٹر) پر ایک پوسٹ میں ایک پروٹوٹائپ ڈیزائن کو شیئر کرتے ہوئے عندیہ دیا گیا کہ آئی فون 17 سابقہ ماڈلز سے مختلف ہوگا۔
خیال رہے کہ 2020 میں آئی فون 11 کو متعارف کرائے جانے کے بعد سے ایپل کے اسمارٹ فونز کے کیمرا ڈیزائن میں کوئی خاص تبدیلی دیکھنے میں نہیں آئی۔
ایکس پوسٹ میں بتایا گیا کہ آئی فون 17 سیریز میں بیک پر اسکوائر کیمرا سیٹ اپ کو ختم کر دیا جائے گا اور اس کی جگہ نیا ڈیزائن اپنایا جائے گا۔
درحقیقت آئی فونز کا بیک کیمرا ڈیزائن کافی حد تک گوگل پکسل فونز کے پل (pill) کیمرا بار جیسا ہو جائے گا۔
اس سے قبل بلومبرگ کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ آئی فون 17 سیرز میں فرنٹ کیمرے کے ڈائنامک آئی لینڈ ڈیزائن کو بھی کسی حد تک تبدیل کیا جائے گا۔
نئے آئی فونز میں ڈائنامک آئی لینڈ کے حجم کو کم کیا جائے گا۔
اس سے قبل مختلف رپورٹس میں آئی فون 17 ائیر کے بارے میں کافی لیکس سامنے آئی تھیں۔
یہ نیا فون ایپل کا اب تک کا سب سے پتلا آئی فون ہوگا۔
9 ٹو 5 میک کی ایک رپورٹ کے مطابق آئی فون 17 ائیر ایپل کے آئی فون پرو ماڈلز کے مقابلے میں 25 فیصد پتلا ہوگا۔
درحقیقت یہ کسی بھی کمپنی کی جانب سے تیار کیا جانے والا سب سے پتلا آئی فون ہوگا۔
اس رپورٹ میں آئی فون 17 کی ایک کانسیپٹ تصویر بھی شیئر کی گئی جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہ فون کتنا پتلا ہوسکتا ہے۔
اس فون کے بیک پر ایک ہی کیمرا ہوگا جو کہ ممکنہ طور پر 48 میگا پکسل کا ہوگا۔
درحقیقت اس فون کا ڈیزائن ہی اسے صارفین کے لیے زیادہ پرکشش بنائے گا ورنہ فیچرز کے لحاظ سے یہ اسٹینڈرڈ ماڈل سے زیادہ خاص نہیں ہوگا۔