19 فروری ، 2025
نائب وزیر اعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے چینی ہم منصب وانگ ای سے نیویارک میں ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات،علاقائی اورعالمی امور پربات چیت کی گئی۔
وزارت خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے منگل کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس کے موقع پر نیویارک میں چین کے وزیر خارجہ وانگ ای سے ملاقات کی۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان چین آہنی دوستی کا اعادہ کیا اور دوطرفہ تعلقات، سی پیک اور اہم عالمی و علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیرخارجہ اسحق ڈار نے کہا کہ چین سےتعلق کونئی بلندیوں پرپہنچائیں گے،جبکہ وانگ ای کا کہنا تھا کہ ان کا ملک بنیادی اشو اورسماجی واقتصادی ترقی میں پاکستان کی مدد جاری رکھےگا۔
اس کے علاوہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں گلوبل گورننس کے عنوان سے اجلاس سےخطاب میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ عالمی امن اور سلامتی کے لیے اجتماعی اقدامات کی ضرورت ہے، آج کے بحرانوں نے یواین چارٹرکے تحت قائم ورلڈ آرڈر کوبھی خطرے میں ڈال دیا ہے۔