19 فروری ، 2025
بھارت کی سابقہ ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی دیرینہ دوست اور معروف بالی وڈ فلم ساز فرح خان نے ان کے بیٹے اذہان مرزا ملک کی پیدائش پر اسے کتنے پیسے دیے تھے۔
حال ہی میں فرح خان کے یوٹیوب وی لاگ میں ثانیہ، اذہان اور ثانیہ کی بہن معروف یوٹیوبر اور فیشن ڈیزائنر انعم مرزا آئیں جنہوں نے بہت سی دلچسپ باتیں کیں۔
فرح خان نے اپنے وی لاگ میں معمول کے مطابق نہ صرف خود کھانا بنایا بلکہ اپنی مہمان ثانیہ مرزا سے بھی ان کا پسندیدہ کھانا پکوایا جب کہ فرح نے اس دوران اپنے گھر آئے مہمان اذہان مرزا کو تحفہ بھی دیا۔
اذہان مرزا ملک کی جانب سے شرارتیں کرنے پر ثانیہ مرزا نے فرح خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اذہان آپ کو آڈیشن دے رہا ہے۔
ثانیہ نے پیدائش کے وقت کی کہانی سنائی اور کہا کہ بہت سے لوگوں کو اس کا علم نہیں لیکن جب فرح اذہان کو دیکھنے اسپتال آئی تھیں تو انہوں نے اذہان کو 10 روپے کا نوٹ دیا تھا اور کہا میں تمہیں لانچ کروں گی، یعنی تم میری فلم میں اداکاری کرو گے، یہ سائننگ اماؤنٹ ہے۔
پھر ثانیہ نے فرح سے کہا کہ تم نے 10 روپے دیے تھے یا 100 روپے؟ جس پر فرح خان نے کہا 100 کہہ دو، ثانیہ نے کہا میں جھوٹ کیوں بولوں، تم نے 10 کا نوٹ دیا تھا جس کے بعد ثانیہ مرزا نے قہقہہ لگایا۔
اس پر فرح خان نے کہا کہ میں نے اذہان مرزا کو جو اس کی پیدائش پر 100 کا نوٹ دیا تھا وہ ضائع نہیں ہوا ہے، وہ 100 کا نوٹ اذہان کو اپنی فلم میں سائن کرنے کا معاوضہ تھا۔