20 فروری ، 2025
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ نے میزبان پاکستان کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے 60 رنز سے شکست دے دی۔
کراچی میں کھیلے گئے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر مہمان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
نیوزی لینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں پاکستان کے خلاف پہلے کھیلتے ہوئے 5 وکٹ کے نقصان پر 320 رنز بنائے۔ول ینگ نے 107ا ور ٹام لیتھم نے 118 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی۔
کیویز کے 321 رنز کے ہدف کے جواب میں پاکستانی ٹیم 48 ویں اوور میں 260 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
اس میچ میں پاکستان کے جارح مزاج اوپنر فخر زمان اوپننگ کرنے نہیں آئے بلکہ ان کی جگہ سعود شکیل نے بابر اعظم کے ساتھ اننگز کا آغاز کیا۔
دراصل ہوا کچھ یوں کہ فخر زمان نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں فیلڈنگ کے دوران پہلے اوور میں ہی انجری کا شکار ہوگئے تھے۔ فخر کو 2 مرتبہ میدان سے باہر جانا پڑا، ٹریٹمنٹ کے بعد وہ دوبارہ میدان میں آئے پھر اننگز کے آخر تک انہوں نے فیلڈنگ کی۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان کو نیوزی لینڈ کے خلاف اپنی بیٹنگ لائن اپ میں تبدیلی کرنا پڑی۔
فخر کو پاکستان کی اننگز شروع ہونے کے بعد کم از کم 25 منٹ تک بیٹنگ کرنے کیلئے باہر بیٹھنا پڑا۔ان کی غیر موجودگی میں بابر اور سعود شکیل نے اننگز کا آغاز کیا۔
دراصل آئی سی سی قوانین کے مطابق اگر کوئی کھلاڑی میچ کے دوران 8 منٹ سے زیادہ کے لیے میدان سے باہر جاتا ہے تو اسے اتنا ہی وقت بیٹنگ یا بولنگ کرنے کیلئے انتظار کرنا پڑے گا۔
چونکہ فخر انجری کی وجہ سے نیوزی لینڈ کی اننگز کے دوران فیلڈنگ کرتے ہوئے 20 منٹ سے زائد وقت تک میدان سے باہر رہے اس لیے انہیں بیٹنگ کے لیے بھی اتنا ہی انتظار کرنا پڑا۔
اسی وجہ سے فخر زمان چوتھے نمبر پر بیٹنگ کرنے آئے،لیکن وہ بیٹنگ کے دوران بھی تکلیف میں دکھائی دیے اور 41 گیندوں پر 24 رنز پر آؤٹ ہوگئے۔
اب پاکستان ٹیم منیجمنٹ کو فخر زمان کی میڈیکل رپورٹس کا انتظار ہے۔
ٹیم منیجمنٹ کا کہنا ہے کہ فخر زمان کو سینے کی طرف کھنچاؤ کی شکایت ہے، ان کی میڈیکل رپورٹس کے بعد مزید کوئی فیصلہ ہوگا۔
واضح رہے کہ پاکستان نے اپنا اگلا میچ 23 فروری کو بھارت کے خلاف دبئی میں کھیلنا ہے۔