20 فروری ، 2025
بھارتی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد شامی نے ون ڈے کرکٹ میں سابق پاکستانی آف سپنر ثقلین مشتاق کا ریکارڈ برابر کردیا۔
دبئی میں کھیلے گئے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے دوسرے میچ میں بنگلادیش کے خلاف محمد شامی نے 10 اوورز میں 53 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں اور ون ڈے کرکٹ میں اپنی وکٹوں کی ڈبل سنچری مکمل کی۔
دائیں ہاتھ کے بھارتی فاسٹ بولر محمد شامی پاکستان کے ثقلین مشتاق کے ساتھ مشترکہ طور پر دنیا کے دوسرے اور بھارت کے تیز ترین بولر بن گئے ہیں۔ ثقلین مشتاق کی طرح محمد شامی نے بھی یہ سنگ میل 104 میچز میں عبور کیا ہے۔
اس فہرست میں آسٹریلیا کے مچل اسٹارک پہلے نمبر پر براجمان ہیں جنہوں نے 102 میچز میں یہ کارنامہ انجام دیا ہے۔
اگر گیندوں کی بات کی جائے تو اس حوالے سے محمد شامی مچل اسٹارک اور ثقلین سے بھی آگے ہیں۔
محمد شامی نے 5 ہزار 126 گیندوں پر وکٹوں کی ڈبل سنچری مکمل کی جب کہ مچل اسٹارک نے 5 ہزار 240 اور ثقلین نے 5 ہزار 451 گیندوں پر یہ سنگ میل عبور کیا تھا، یوں گیندوں کے حوالے سے محمد شامی نے تیز ترین 200 وکٹیں حاصل کرنے کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا ہے۔