22 فروری ، 2025
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ جنگ کے خاتمے کے لیے یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی اور روس کے ولادیمیر پیوٹن کو آپس میں مل کر بیٹھنا ہوگا۔
غیرملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ٹرمپ نے اوول آفس میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ صدر پیوٹن اور صدر زیلنسکی کو آپس میں بیٹھ کر بات کرنا ہوگی کیونکہ ہم لاکھوں لوگوں کا قتل عام بند کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ امید ہے یوکرین جلد ہی ایک معاہدے پر دستخط کرے گا جس کے تحت امریکا کو یوکرین کے معدنی ذخائر تک رسائی حاصل ہوگی۔
ٹرمپ نے یوکرین کے بارے میں کہا کہ وہ ہر لحاظ سے بہت بہادر ہیں لیکن ہم ایک ایسے ملک پر اپنا خزانہ خرچ کر رہے ہیں جو ہم سے بہت، بہت دور ہے۔
ٹرمپ چاہتے ہیں کہ یوکرین اپنے وسیع قدرتی وسائل تک امریکی کمپنیوں کو رسائی دے۔
اس کے بدلے میں یوکرین امریکا سے سکیورٹی کی ضمانتیں حاصل کرنے کا خواہاں ہے تاکہ وہ اپنے قیمتی وسائل کے حقوق حوالے کر سکے۔
زیلنسکی جنہوں نے اس معاہدے کو مسترد کر دیا تھا، نے جمعہ کے روز کہا کہ وہ ایک بہتر نتیجے کی امید رکھتے ہیں۔
اس کے علاوہ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ مشرق وسطیٰ سے متعلق امریکا کے پاس اچھی خبر ہوگی۔