Time 23 فروری ، 2025
کھیل

'پانچ چھ اوور کے بعد ہی پتہ چل گیا تھا'، بھارت سے شکست پر قوم ٹیم کے مداح شدید مایوس

دبئی میں کھیلےگئے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے پانچویں میچ میں بھارت نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر  ایونٹ میں قومی ٹیم کا آئندہ کا سفر  اگر مگر کا شکار کردیا ہے۔

بھارت کے ہاتھوں باآسانی شکست کے بعد قومی ٹیم کے مداح نہایت افسردہ ہیں، انہوں نے جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے اپنے غم و غصے کا اظہار کیا۔

میچ دیکھنے میں بعد دبئی اسٹیڈیم کے باہر جیو نیوز سے گفتگو میں قومی ٹیم کی ایک ننھی مداح نے کہا کہ مجھے لگتا تھا کہ آج پاکستان جیتے گا، میں گھر سے خوش ہوکر آئی تھی، مگر انہوں نے مایوس کیا۔

ایک اور ننھے مداح نے قومی ٹیم کی کارکردگی پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ پانچ چھ اوور کے بعد ہی پتہ چل گیا تھا۔

ایک خاتون نے شدید غصےکا اظہار کیا اور کہا کہ ان سب کو ٹیم سے نکالیں اور کہیں کہ پہلے جا کر ڈومیسٹک کرکٹ کھیلو، اور پھر بالکل نئی ٹیم بنائیں۔

خیال رہے کہ دبئی اسٹیڈیم میں کھیلےگئے چیمپئنز ٹرافی کے اہم میچ میں پاکستان کی پوری ٹیم 49 اعشاریہ 4 اوورز میں 241 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، جواب میں 242 رنز کا ہدف بھارت نے 43 اوور میں 4 وکٹ کے نقصان پر پورا کرلیا۔

اس سے قبل پاکستان نیوزی لینڈ کے خلاف بھی اپنا افتتاحی میچ ہار چکا ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے اگلے راؤنڈ تک جانے کا سفر مشکل ہوچکا ہے، نیوزی لینڈ اور بھارت کے خلاف دو لگاتار شکستوں کے بعد پاکستان کی سیمی فائنل تک رسائی کے امیدیں اب صرف اگر مگر کے تکنیکی امکان پر ٹکی ہوئی ہیں، تاہم اس کے لیے باقی میچز کے نتائج پر انحصار کرنا پڑے گا۔

مزید خبریں :