Time 24 فروری ، 2025
کھیل

بھارتی کپتان روہت شرما نے سچن ٹنڈولکر سے اہم اعزاز چھین لیا

بھارتی کپتان روہت شرما نے سچن ٹنڈولکر سے اہم اعزاز چھین لیا
فوٹو: فائل

بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے سابق لیجنڈری کرکٹر سچن ٹنڈولکر سے اہم اعزاز چھین لیا۔

کپتان روہت شرما نے اتوار کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان کے خلاف چیمپئنز ٹرافی کے گروپ میچ میں ون ڈے کرکٹ میں 9 ہزار رنز بنانے والے اوپنر کا اعزاز حاصل کیا۔

37 سالہ روہت شرما نے پاکستان کے خلاف میچ میں اپنا پہلا رن مکمل کرنے کے ساتھ یہ سنگ میل عبور کیا، جس کے بعد وہ ون ڈے میں 9 ہزار رنز بنانے والے چھٹے اوپنر بن گئے۔ 

اس سے قبل سچن ٹنڈولکر ، سنتھ جے سوریا ، کرس گیل، ایڈم گلکرسٹ اور سورو گنگولی  جیسے عظیم بیٹرز اوپننگ پوزیشن پر 9 ہزار سے زائد رنز بنا چکے ہیں۔

تاہم خاص بات یہ ہے کہ روہت نے تمام بیٹرز کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ون ڈے میں تیز ترین 9 ہزار رنز مکمل کیے، انہوں نے بطور اوپنر یہ کارنامہ صرف 181 ون ڈے اننگز میں انجام دیا۔ 

اس سے قبل یہ ریکارڈ سچن ٹنڈولکر کے پاس تھا جنہوں نے بطور اوپنر197 اننگز میں  9 ہزار رنز مکمل کیے تھے۔

واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے ہائی وولٹیج میچ میں ویرات کوہلی کی شاندار سنچری کی بدولت بھارت نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دی۔

242 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کوہلی نے ناقابل شکست 100رنز بنائے۔ کپتان روہت 20رنز بناکر آؤٹ ہوئے تھے۔


مزید خبریں :