Time 25 فروری ، 2025
کھیل

بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد قومی کرکٹ ٹیم خاموشی سے دبئی سے اسلام آباد پہنچ گئی

بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد قومی کرکٹ ٹیم خاموشی سے دبئی سے اسلام آباد  پہنچ گئی
فوٹو: فائل

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد قومی کرکٹ ٹیم خاموشی سے دبئی سے اسلام آباد پہنچ گئی۔

“ اتنا سنا ٹا کیوں ہے بھائی؟” یہ بھارتی فلم کا ایک مشہور ڈائیلاگ ہے، جو عموما گفتگو میں استعمال کیا جاتا ہے، البتہ اس ڈائیلاگ کو اگر قومی ٹیم کے دبئی سے اسلام آباد پہنچنے والی پرواز کے تناظر میں استعمال کیا جائے، تو بے جا نہیں ہوگا۔

دبئی سے قومی ٹیم کا جہاز پہلے لاہور پہنچا ، جہاں چیئرمین پی سی بی سید محسن رضا نقوی اور بورڈ کے عہدیدار اور دیگر چند لوگ اترے، پھر اس جہاز نے دوبارہ اڑان بھری  اور اس بار اس کی منزل اسلام آباد تھی، جہاں قومی کرکٹ ٹیم اتری۔

جہاز کے اس سفر میں غیر معمولی خاموشی تھی، کھلاڑی آپس میں بات چیت نہیں کر رہے تھے۔

بھارت کے خلاف دبئی میں اتوار کو یک طرفہ شکست کے بعد سب کے چہرے مرجھائے ہوئے تھے، سر جھکے ہوئے تھے۔

چیئرمین پی سی بی سید محسن رضا نقوی جو اس سے قبل کراچی سے دبئی خصوصی طیارے میں سفر کر کے دبئی ٹیم کے ہمراہ پہنچے تھے، اس سفر میں خاصی گہماگہمی تھی، قہقہے اور شور تھا، تاہم اس بار گہری خاموشی تھی۔ 

چیئرمین نے دبئی میں کھلاڑیوں کو عشائیے پر بھی مدعو کیا تھا۔ وہ  بھارت میچ سے ایک رات پہلے اسٹیڈیم کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھانے پہنچے بھی تھے۔ 

البتہ واپسی پر شکست کے بعد جیسے سب کچھ بدل چکا تھا۔ نا رویوں میں وہ گرمجوشی تھی، نا چہرے پر وہ مسکراہٹ تھی۔

واضح رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں پہلے نیوزی لینڈ اور پھر بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد میزبان اور دفاعی چیمپئن پاکستان ایونٹ سے باہر ہوگیا ہے۔

البتہ پاکستان کرکٹ ٹیم کو اپنا آخری گروپ میچ 27 فروری کو بنگلادیش کے خلاف  راولپنڈی میں کھیلنا ہے۔

گروپ اے سے بھارت اور نیوزی لینڈ نے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا ہے۔


مزید خبریں :