Time 25 فروری ، 2025
کھیل

افغان خواتین کی حالت زار پر افسوس ہے، افغانستان کے ساتھ میچ کھیلنا بورڈ کا فیصلہ ہے، انگلش کپتان

کپتان انگلینڈ کرکٹ ٹیم جوز بٹلر کا کہنا ہے کہ افغانستان کے ساتھ میچ کھیلنا انگلینڈ کرکٹ بورڈ کا فیصلہ ہے۔

لاہور میں پریس کانفرس کرتے ہوئے انگلش کپتان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں خواتین کی حالت زار پر افسوس ہے وہ مشکل وقت سے گزر رہی ہیں۔

جوز بٹلر نے کہا کہ انگلینڈ اور افغانستان کا کل ہونے والا میچ افغان خواتین کو امید دلائے گا مشکل وقت میں یہ میچ ان کے لیے تفریح ثابت ہوگا۔

انگلش ٹیم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے جوز بٹلر نے کہا کہ برائیڈن کارس کے باہر ہونے سے مایوسی ہوئی، جیمی اوورٹن کے پاس اچھا چانس ہے امید ہے وہ فائدہ اٹھائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان کی ٹیم بہتر سے بہتر ہو رہی ہے، افغانستان کے اسپنرز اچھے ہیں۔

جوز بٹلر کا کہنا تھا کہ پچھلے میچ کی مثبت چیزوں کو آگے لے کر چلیں گے، ہماری ٹیم میں توازن ہے اسپنرز اور پیس اٹیک ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہیری بروک کی فارم کو لے کر کوئی پریشانی نہیں ہے، ہیری بروک ٹیم کے اہم رکن ہیں وہ دنیا کے باصلاحیت نوجوان کرکٹر ہیں۔

جوز بٹلر نے کہا کہ کرکٹ بورڈ اور ماہرین نے ہمیں افغانستان کے حوالے سے کافی کچھ بتایا جس سے ہمیں مدد ملی۔

خیال رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 میں انگلینڈ اور افغانستان کی ٹیمیں کل لاہور میں مدمقابل ہوں گی۔


مزید خبریں :