26 فروری ، 2025
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کیلئے پاکستان آنیوالے نامور بھارتی صحافی وکرانت گپتا نے بھارتی ٹیم کے پاکستان نہ آنے کی کچھ وجوہات بتائی ہیں۔
وکرانت گپتا پاکستان کے سینئر کھلاڑیوں سمیت جیو نیوز کے پروگرام ’ہارنا منع ہے‘ میں شریک ہوئے جس دوران انہوں نے بھارتی ٹیم کے پاکستان نہ آنے کے سوال پر بتایاکہ ’میں پاکستان اکیلا آیا ہوں اس لیے میری کوئی خاص اہمیت نہیں لیکن بھارت کی پوری ٹیم ہے جس کی اہمیت زیادہ ہوتی ہے‘۔
وکرانت گپتا کا کہنا تھا کہ ’اگر چیمپئنز ٹرافی کیلئے بھارتی ٹیم نہیں آئی تو میں نہیں جانتا کہ اس کی وجہ کیا دی گئی ہے لیکن یہ سب جانتے ہیں کہ بھارتی ٹیم کے پاکستان نہ آنے کی وجہ صرف یہ نہیں کہ بھارتی ٹیم پاکستان میں غیر محفوظ ہے، وجہ یہ بھی ہےکہ دونوں ملکوں کے درمیان کوئی رشتہ نہیں اور اس رشتے کو سدھارنےکی کسی نے کوشش بھی نہیں کی، میں اس کیلئے کسی ایک کو قصور وار نہیں ٹھہراتا‘۔
بھارتی صحافی نے کہا کہ ’جب دونوں جانب سے کوئی کوشش نہیں کی گئی تو یہ کیسے ممکن ہے کہ چٹکی بجتے ہی سب ٹھیک ہوجائے گا ‘۔
واضح رہے کہ پاکستان آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ میں خراب کارکردگی کے باعث باہر ہوچکا ہے۔