26 فروری ، 2025
جی میل میں ایک بہت بڑی تبدیلی صارفین کے لیے کی جا رہی ہے جو ان کے اکاؤنٹس کی سکیورٹی کو مضبوط بنائے گی۔
گوگل کی جانب سے 2 فیکٹر authenticat (ٹو ایف اے) لاگ ان کے طریقہ کار میں بڑی تبدیلی کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔
ایک رپورٹ کے مطابق گوگل کی جانب سے جی میل اکاؤنٹس پر لاگ ان ہونے کے لیے 2 ایف اے کوڈز کو ٹیکسٹ میسج کے ذریعے بھیجنے کے طریقہ کار کو ختم کیا جا رہا ہے۔
اس کی جگہ دیگر سکیورٹی ٹولز جیسے پاس کیز اور کیو آر کوڈز کو ترجیح دی جائے گی۔
رپورٹ کے مطابق گوگل نے دریافت کیا ہے کہ 2 ایف اے کوڈز کی ایس ایم ایس کے ذریعے ترسیل سے فراڈ کرنے والے افراد کو دیگر اکاؤنٹس تک رسائی میں مدد ملتی ہے۔
گوگل کے سکیورٹی اینڈ پرائیویسی پبلک ریلیشن شعبے کے سربراہ Ross Richendrfer نے اس منصوبے کی تصدیق کی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جیسے ہم پاس ورڈز کا عہد ختم کرنے کے لیے پاس کیز جیسی ٹیکنالوجیز کو استعمال کر رہے ہیں، اسی طرح ہم لاگ ان کی تصدیق کے لیے استعمال ہونے والے ایس ایم ایس میسجز کے طریقہ کار کو بھی ختم کر رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ آئندہ چند ماہ میں گوگل کی جانب سے طے کیا جائے گا کہ کس طرح فون نمبروں کی تصدیق کی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ جی میل اور دیگر گوگل سروسز میں ایس ایم ایس کے ذریعے بھیجے جانے والے 6 ہندسوں پر مشتمل کوڈز کو ختم کرکے کیو آر کوڈ کو لاگ ان کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ کیو آر کوڈز کو استعمال کرنے سے ہیکنگ یا دیگر مسائل کا خطرہ کم ہوگا اور صارفین کو اپنے موبائل آپریٹرز پر انحصار نہیں کرنا پڑے گا۔
گوگل عہدیدار نے کہا کہ ایس ایم کوڈز سے صارفین کے لیے خطرہ بہت زیادہ بڑھ جاتا ہے اور ہم اس میں کمی لانے کے لیے ایک منفرد طریقہ کار کو متعارف کرانے پر خوشی محسوس کر رہے ہیں جس سے صارفین کو مشتبہ سرگرمیوں سے تحفظ ملے گا۔
جی میل میں دیگر 2 ایف اے طریقہ کار بدستور کام کریں گے جیسے صارفین جی میل ایپ سے بھی لاگ ان کی تصدیق کرسکیں گے یا گوگل Authenticator کو استعمال کرسکیں گے۔