Time 27 فروری ، 2025
پاکستان

مصطفیٰ قتل کیس: اہم گواہ نے عدالت میں ملزم ارمغان اور شیراز کو شناخت کرلیا

مصطفیٰ قتل کیس: اہم گواہ نے عدالت میں ملزم ارمغان اور شیراز کو شناخت کرلیا
کراچی کے جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں مصطفیٰ عامرقتل کیس کی سماعت ہوئی/ اسکرین گریب

کراچی: مصطفیٰ عامر قتل کیس کے اہم گواہ اور ملزم ارمغان کے ملازم نے قتل کیس میں نامزد ارمغان اور شیراز کو عدالت میں شناخت کرلیا۔

کراچی کے جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں مصطفیٰ عامرقتل کیس کی سماعت ہوئی جس دوران ملزم ارمغان کے ملازم اور کیس کے اہم گواہ غلام مصطفیٰ کا بیان قلمبند کیا گیا۔

گواہ غلام مصطفیٰ نے بتایا کہ 6 جنوری کی رات 9 بجے ایک لڑکا  آیا تھا جس کے لیے ہم نے دروازہ کھولا تھا، لڑکے نے ٹراؤزر پہنا ہوا تھا اور جیکٹ میں تھا مگر  میں نے شکل نہیں دیکھی تھی۔

ملازم نے عدالت کو بتایا کہ ایک ڈیڑھ گھنٹے بعد گالم گلوچ کی آواز آئی اور پھر دو یا تین فائر کی آواز آئی، ہم دونوں کمرے سے باہر آگئے تھے، میں اپنے کمرے میں جاکر سوگیا، نیند نہیں آرہی تھی، فجر کی نماز پڑھی اور پھر دن ایک ڈیڑھ بجے اٹھے تو ارمغان اور اس کا دوست موجود تھے، ہمیں اوپر جانے کی اجازت نہیں تھی، پانی اورکھانے کے لیے فون کرتے تھے۔ 

گواہ نے مزید بتایا کہ کچھ دن بعد پولیس کا چھاپہ پڑا اور فائرنگ ہورہی تھی، ہم اپنے روم میں تھے، ہم چھپ گئے تھے اور پھر باہر نکل کر چلے گئے ، 10 تاریخ کو سامان اٹھانے بنگلے کے آس پاس آئےتو پولیس نے ہمیں پکڑ لیا۔

ارمغان کے ملازم نے عدالت میں کہا کہ جو واقعہ ہوا ہم نے پولیس کو سچ سچ بتا دیا تھا، پولیس اسی رات ہمیں بنگلے پر لے کر گئی تھی، ہم نے پولیس کوخون کےنشانات دکھائے، پولیس ہمیں اس رات تھانے لے گئی اور موبائل نمبر لے کر چھوڑ دیا تھا مگر پھر  بعد میں پولیس نے ہمیں فون کرکے بلایا تھا۔ 

بعد ازاں عدالت نے گواہ سے پوچھا کہ دیکھو ملزمان یہاں موجود ہیں؟ اس پر گواہ غلام مصطفیٰ نے عدالت میں ملزم ارمغان اور شیراز کو شناخت کرلیا۔

مزید خبریں :