27 فروری ، 2025
کراچی: معروف اداکار ساجد حسن کا مصطفیٰ عامر قتل کیس کی تحقیقات کے دوران منشیات کیس میں گرفتار اپنے بیٹے ساحر حسن سے متعلق بیان سامنے آگیا۔
ایک بیان میں اداکار ساجد حسن کا کہنا ہےکہ اُن کے بیٹے ساحر کے خلاف جھوٹا مقدمہ بنایا گیا ہے۔
اپنے بیان میں ساجد حسن نے دعویٰ کیا کہ ساحر سے کسی قسم کی منشیات برآمد نہیں ہوئیں، اُسے مصطفیٰ عامر قتل کیس سے توجہ ہٹانےکے لیے پھنسایا جارہا ہے، شفاف اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کی جائیں۔
اداکار ساجد حسن نے دعویٰ کیا ہےکہ پولیس کو اُن کے بیٹے ساحر حسن کے خلاف کوئی ثبوت نہیں ملا، نہ ہی ساحر حسن سے کسی قسم کی منشیات برآمد ہوئیں، اس کے باوجود ایف آئی آر درج کی گئی جب کہ وارنٹ کے بغیر گرفتار کرلیا گیا جو غیرقانونی ہے۔
اپنے بیان میں ساجد حسن کا کہنا تھا کہ پولیس کے الزامات بے بنیاد اور من گھڑت ہیں، ساحر حسن کے خلاف خلاف جھوٹا مقدمہ بنایا گیا ہے۔
انہوں نےکہا کہ پولیس نے غیرقانونی چھاپہ مارا، ویڈیو ریکارڈنگ کا قانون بھی نظر انداز کیا، ان کے بیٹےکو مصطفیٰ عامر قتل کیس سے توجہ ہٹانے کے لیے پھنسایا جارہا ہے۔
ساجد حسن نے کہا کہ ان کے بیٹے کو قربانی کا بکرا نہ بنایا جائے، انہوں نے شفاف اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ عدلیہ پر مکمل بھروسہ ہے، عدالت انصاف کرےگی۔