Time 27 فروری ، 2025
پاکستان

مسائل کا حل آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی میں ہے، اپوزیشن کی قومی کانفرنس کا اعلامیہ

اسلام آباد: اپوزیشن اتحاد کی قومی کانفرنس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق موجودہ سیاسی، معاشی اور سماجی بحران کی جڑ 8 فروری کے دھاندلی شدہ انتخابات کے نتائج ہیں، مسائل کا حل صرف اور صرف آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی میں ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ موجودہ پارلیمنٹ کے وجود کی کوئی اخلاقی، سیاسی اور قانونی حیثیت نہیں، آئین کی روح سے متصادم تمام ترامیم کو ختم کیا جائے، تمام سیاسی اسیروں کو فوری طور پر رہا کیا جائے، عوام اور میڈیا کی زبان بندی کے لیے لائی گئی پیکا ترامیم کو ختم کیا جائے۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ پانی کے وسائل کی تقسیم 1991 کے آبی معاہدے کے مطابق ہونی چاہیے، ملک کے موجودہ بحران کا واحد حل آزادانہ، شفاف اور منصفانہ انتخابات کا انعقاد ہے۔

اس سے قبل کانفرنس کے شرکاء بکنگ کے باوجود داخلے کی اجازت نہ ملنے پر نجی ہوٹل کی دیواریں اور گیٹ پھلانگ کر اندر داخل ہوئے، آڈیٹوریم میں داخلے کی اجازت نہ ملی تو ہوٹل کی لابی میں ہی کانفرنس منعقد کرلی۔

اپوزیشن قائدین نے ملک میں آئین اور جمہوریت کی بحالی پر زور دیتے ہوئے ملک و قوم کے بہتر مستقبل کے لیے تجاویز بھی پیش کیں۔

مزید خبریں :