Time 28 فروری ، 2025
صحت و سائنس

جگر اور گردوں کو صاف رکھنے والے بہترین گھریلو مشروبات

جگر اور گردوں کو صاف رکھنے والے بہترین گھریلو مشروبات
جگر جسم میں خون بنانے اور خون کو صاف کرنے کا کام کرتا ہے، اس کے علاوہ گردے جسم سے زہریلے مادوں کو باہر نکالنے میں مدد کرتے ہیں/ فائل فوٹو

جگر اور گردے جسم کے دو ایسے اعضاء ہیں جن کے بغیر انسان زندہ نہیں رہ سکتا، اگر ان کا خیال رکھنے میں تھوڑی سی بھی لاپرواہی کی جائے تو یہ آپ کو سنگین مسائل سے دوچار کر وا سکتے ہیں۔

جگر جسم میں خون بنانے اور خون کو صاف کرنے کا کام کرتا ہے، اس کے علاوہ گردے جسم سے زہریلے مادوں کو باہر نکالنے میں بھی مدد کرتے ہیں۔

تو پھر ایسا کیا کیا جائے کہ جس سے ایک ساتھ دونوں اعضاء کی صحت کا خیال رکھا جاسکے؟ آج ہم آپ کو چند ایسے مشروبات بتاتے ہیں جو آپ کی اس پریشانی کا حل نکال سکتے ہیں۔

ہلدی اور لیموں کا پانی

لیموں پانی سے دن کا بہترین آغاز کیا جا سکتا ہے، لیموں میں وٹامن سی کی بھاری مقدار ہوتی ہے، جو جسم سے زہریلے مادوں کو نکال کر پانی کی کمی کو دور کرنے میں مدد دیتا ہے۔ 

اگر اس لیموں پانی میں ایک چٹکی ہلدی شامل کی جائے تو یہ آپ کو دگنا فائدہ دے گی کیونکہ ہلدی میں سوزش سے لڑنے کی صلاحیت ہوتی ہے۔

زیرے کا پانی

زیرا بہت سے کھانوں میں شامل کیا جاتا ہے جو کھانے کے ذائقے کو بڑھا دیتا ہے، اس میں اینٹی آکسیڈینٹ کی خصوصیت پائی جاتی ہے جو جگر کو صاف رکھنے میں اپنا کردار ادا کرتی ہے۔

آملے کا جوس

آملہ اینٹی آکسیڈینٹ اور وٹامن سی کا خزانہ ہے جو ناصرف بال اور جلد کیلئے فائدہ مند ہوتا ہے بلکہ یہ آپ کے جگر اور گردوں کا خیال رکھ کر جسم سے زہریلے مادوں کو باہر نکالنے میں بھی کارگر ثابت ہوتا ہے۔

ناریل کا پانی

ناریل میں قدرتی پانی ہوتا ہے جو خوش ذائقے کے ساتھ ساتھ افادیت سے بھرپور ہوتا ہے، ناریل میں الیکٹرو لائٹس پائے جاتے ہیں جو جسم میں پانی کی کمی کو دور کرنے اور جگر اور گردے کو طاقت فراہم کرتے ہیں۔

مزید خبریں :