28 فروری ، 2025
پاکستان کی میزبانی میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی میں 2 مسلسل شکست کے بعد پاکستان کا سفر اختتام کو پہنچ چکا ہے۔
مسلسل شکست کے بعد ایونٹ سے آؤٹ ہوجانے والی پاکستانی ٹیم کی رینکنگ ٹیبل پر آٹھویں پوزیشن ہے اور اب سوال یہ ہے کہ پاکستان کو ٹورنامنٹ سے آؤٹ ہوجانے کے بعد کتنی رقم ملے گی؟
آئی سی سی کے اعلامیے میں ساتویں اور آٹھویں پوزیشن پر آنے والی ٹیموں کیلئے ایک لاکھ 40 ہزار ڈالر کا اعلان کیا گیا ہے جب کہ تمام ٹیموں کو ایونٹ میں شرکت کے لیے ایک لاکھ 25 ہزار ڈالر کی رقم بھی دی جائے گی۔
اعلامیے کے مطابق اس مرتبہ آئی سی سی کی مجموعی انعامی رقم میں گزشتہ ایڈیشن سے 53 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں 69 لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم تقسیم کی جائے گی، فاتح ٹیم کو 22 لاکھ 40 ہزار ڈالرز جب کہ رنر اپ ٹیم کو 11 لاکھ 20 ہزار ڈالرز ملیں گے۔
اعلامیے کے مطابق آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میں شکست کھانے والی دونوں ٹیموں کو 5 لاکھ 60 ہزار ڈالر ملیں گے جب کہ گروپ مرحلے کے ہر میچ میں کامیابی پر 34 ہزار ڈالر کا انعام دیا جائے گا۔
پانچویں اور چھٹے نمبر پر آنے والی ٹیموں کو 3 لاکھ 50 ہزار ڈالر ڈالر ملیں گے، اس طرح پاکستان کی طرح دیگر آٹھویں پوزیشن پر آنے والی ٹیموں کو ایک لاکھ 40 ہزار ڈالر ملیں گے جب کہ میچ فیس کے ایک لاکھ 25 ہزار ڈالر بھی ادا کیے جائیں گے۔