28 فروری ، 2025
کابل: افغانستان کی طالبان حکومت کی جانب سے دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک میں مولانا حامد الحق پر خودکش حملے کی مذمت کی گئی ہے۔
افغانستان کی طالبان حکومت کے بیان میں کہا گیا کہ امارت اسلامیہ افغانستان مولانا حامد الحق پر اس حملے کی شدید مذمت کرتی ہے۔
بیان میں مولانا حامد الحق کی شہادت کو علمی حلقوں کے لیے ایک عظیم نقصان قرار دیتے ہوئے ان کے لواحقین اور طلبہ سے تعزیت کا اظہار کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ اللہ تعالیٰ اس ظلم کا بدلہ ان ظالموں سے لے جو خطے کے علما کے خلاف کام کر رہے ہیں۔
خیال رہے کہ آج دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک کی جامع مسجد میں نماز جمعہ کے بعد ہونے والے خود کش دھماکے میں جمعیت علمائے اسلام سمیع الحق گروپ (جے یو آئی س) کے سربراہ اور مدرسے کے نائب مہتمم مولانا حامد الحق حقانی سمیت 8 افراد شہید ہوگئے۔
آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمد نے بتایا کہ حملے کا ہدف جامعہ حقانیہ کے سربراہ مولانا حامد الحق حقانی ہی تھے۔