Time 02 مارچ ، 2025
سائنس و ٹیکنالوجی

یوٹیوب کو حقیقی ٹکر دینے کیلئے ٹک ٹاک میں بڑی تبدیلی

یوٹیوب کو حقیقی ٹکر دینے کیلئے ٹک ٹاک میں بڑی تبدیلی
کمپنی کی جانب سے یہ اعلان کیا گیا / فوٹو بشکریہ ٹک ٹاک

ٹک ٹاک اب حقیقی معنوں میں دنیا کی مقبول ترین ویڈیو شیئرنگ سروس یوٹیوب کو براہ راست ٹکر دینے کے لیے تیار ہے۔

ویڈیو شیئرنگ ایپ کی جانب سے ڈیسک ٹاپ پلیٹ فارم کو متعدد نئے فیچرز کے ساتھ ری ڈیزائن کیا جا رہا ہے۔

کمپنی کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ ٹک ٹاک کے ڈیسک ٹاپ ورژن میں متعدد نئے فیچرز کا اضافہ کیا جا رہا ہے جبکہ نیا ویب لے آؤٹ بھی صارفین کو دستیاب ہوگا۔

اس نئے لے آؤٹ میں نیوی گیشن بار کی پوزیشن کو تبدیل کیا گیا ہے تاکہ ویڈیوز دیکھنے کا تجربہ ٹک ٹاک کے موبائل ورژن کی طرح بہترین ہوسکے۔

ٹک ٹاک کے ڈیسک ٹاپ ورژن میں اب صارفین پورٹریٹ یا لینڈ اسکیپ موڈ میں گیم لائیو اسٹریمز کر سکیں گے اور اس فیچر کا مقصد گیمز اسٹریمنگ کے شعبے میں یوٹیوب کی بالادستی کو ٹکر دینا ہے۔

ٹک ٹاک کی جانب سے ایک نیا کلیکشنز فیچر بھی متعارف کرایا جا رہا ہے جس کے ذریعے صارفین اپنی پسندیدہ ویڈیوز کو مختلف کیٹیگریز میں آرگنائز کرسکیں گے۔

اس فیچر کا مقصد سیو کی گئی ویڈیوز کو آسانی سے دریافت کرنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔

یہ فیچر بنیادی طور پر یوٹیوب کے پلے لسٹس فیچر سے ملتا جلتا ہے جس میں مختلف فولڈز میں ویڈیوز کو سیو کرکے بعد میں کسی بھی وقت دیکھا جاتا ہے۔

ٹک ٹاک کے ڈیسک ٹاپ صارفین اب گوگل کروم میں فلوٹنگ پلیئر تک بھی رسائی حاصل کرسکیں گے۔

یعنی ٹک ٹاک ویڈیوز کو دیکھتے ہوئے صارفین کے لیے دیگر کام کرنا بھی ممکن ہو جائے گا۔

ٹک ٹاک کی جانب سے ایپ کے ایکسپلور پیج کو بھی ڈیسک ٹاپ ورژن میں شامل کیا جا رہا ہے یعنی ایک طرح سے موبائل ڈیوائسز میں جس طرح کے فار یو پیج کا تجربہ صارفین کو ہوتا ہے وہ اب ویب پر بھی ہوگا۔

یوٹیوب کو حقیقی ٹکر دینے کیلئے ٹک ٹاک میں بڑی تبدیلی
ٹک ٹاک کے ڈیسک ٹاپ پیج کو ری ڈیزائن کیا گیا ہے / فوٹو بشکریہ ٹک ٹاک

کمپنی کے مطابق ہمارے صارفین ٹک ٹاک کو متعدد مختلف طریقوں سے استعمال کرتے ہیں اور اسی وجہ سے ہم ڈیسک ٹاپ ورژن کے لیے یہ نئی تبدیلیاں متعارف کرا رہے ہیں۔

کمپنی نے بتایا کہ ٹک ٹاک کے اصل جادو کو اب ڈیسک ٹاپ ورژن کا بھی حصہ بنایا جا رہا ہے اور صارفین کسی بھی جگہ اور کسی بھی وقت ٹک ٹاک ویڈیوز سے لطف اندوز ہوسکیں گے۔

ٹک ٹاک کی جانب سے کافی عرصے سے یوٹیوب کو ٹکر دینے کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

خیال رہے کہ ٹک ٹاک نے چند سیکنڈ کی ویڈیوز کے ذریعے دنیا بھر میں تیزی سے مقبولیت حاصل کی تھی۔

درحقیقت اس ویڈیو شیئرنگ ایپ کی مقبولیت نے دیگر کمپنیوں جیسے انسٹاگرام، فیس بک اور یوٹیوب وغیرہ کو بھی مختصر ویڈیوز کے فیچر کو اپنانے پر مجبور کر دیا۔

اب ایک طرف جب دیگر کمپنیاں مختصر ویڈیوز پر زیادہ توجہ مرکوز کر رہی ہیں، وہیں دوسری جانب ٹک ٹاک اب زیادہ طویل دورانیے کی ویڈیوز کو اپنے پلیٹ فارم کا حصہ بنانے کے لیے تیار ہے۔

یہی وجہ ہے کہ ٹک ٹاک کی جانب سے ویڈیوز کے دورانیے کو بتدریج بڑھایا جا رہا ہے اور کچھ صارفین نے 60 منٹ طویل ویڈیوز اپ لوڈ کرنے کے فیچر کو بھی دیکھا ہے۔

مزید خبریں :