02 مارچ ، 2025
امریکی صدر ٹرمپ اور یوکرینی صدر زیلنسکی کے درمیان کشیدگی کے بعد یوکرین سے اظہار یکجہتی کے لیے برطانیہ میں یورپی رہنماؤں کے سربراہی اجلاس کا آغاز ہوگیا۔
اجلاس کے آغاز پر برطانوی وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر نے کہا کہ یورپی ممالک کو یوکرین کی سلامتی کے لیے دفاعی کوششیں بڑھانی ہوں گی، یوکرین کی سلامتی میں پورے براعظم کا استحکام ہے۔
اجلاس میں یوکرینی صدر زیلنسکی کے علاوہ کینیڈا، فرانس، جرمنی، اٹلی اور دیگر یورپی ممالک کے سربراہان سمیت نیٹو کے سیکرٹری جنرل، یورپی کمیشن اور یورپین کونسل کے صدور شریک ہیں۔
اجلاس میں روس یوکرین جنگ کے خاتمے کی کوششوں اور وسیع تر یورپی دفاع پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
اجلاس سے قبل اطالوی وزیراعظم جارجیا میلونی کی برطانوی وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر اور یوکرینی صدر زیلنسکی سے ملاقات ہوئی جس میں یوکرین تنازع کے حل پر بات چیت ہوئی۔
ملاقات میں اطالوی وزیراعظم جارجیا میلونی کا کہنا تھا کہ یوکرین پر مغربی ممالک کی تقسیم کے خطرے سے بچنا بہت ضروری ہے، مغربی ممالک کے درمیان برطانیہ اور اٹلی پُل کا کام کرسکتے ہیں۔