03 مارچ ، 2025
ایک کمپنی کی جانب سے 2 منفرد لیپ ٹاپس متعارف کرائے گئے ہیں جن میں سے ایک فولڈ ایبل اسکرین سے لیس ہے جبکہ دوسرے کی بیٹری کو سولر پاور سے بھی چارج کیا جاسکتا ہے۔
یہ دونوں لیپ ٹاپس فی الحال کانسیپٹ ماڈلز ہیں یعنی عام افراد کے لیے دستیاب نہیں۔
چینی کمپنی کی جانب سے اکثر ایسے کانسیپٹ لیپ ٹاپس متعارف کرائے جاتے ہیں جیسے کچھ عرصے قبل اس نے رول ایبل لیپ ٹاپ بھی پیش کیا تھا جس کی اسکرین اوپر کی جانب کھلتی تھی۔
اب اس نے ایک فولڈ ایبل اسکرین سے لیس تھنک بک فلپ لیپ ٹاپ متعارف کرایا ہے۔
جب اس لیپ ٹاپ کو مکمل طور پر ان فولڈ کیا جاتا ہے تو اس کی اسکرین 18 انچ کی ہو جاتی ہے۔
اس کے ڈسپلے کو درمیان سے فولڈ کرکے 2 اسکرینیں بھی بنائی جاسکتی ہیں جن میں سے ایک فرنٹ پر نظر آتی ہے جبکہ دوسری پشت پر چلی جاتی ہے۔
اسی طرح پورے ڈسپلے کو مکمل فولڈ کرکے اس لیپ ٹاپ کو ٹیبلیٹ جیسی ڈیوائس میں تبدیل کیا جاسکتا ہے۔
فولڈ ایبل اسمارٹ فونز تو اب عام ہوتے جا رہے ہیں مگر اتنی بڑی اسکرین والے لیپ ٹاپس ابھی بھی زیادہ عام نہیں۔
کمپنی کے مطابق اس فولڈ ایبل لیپ ٹاپ کو عام افراد کے لیے متعارف کرانے کے لیے ابھی کافی کام کرنا ہوگا۔
اسی طرح کمپنی کی جانب سے ایک یوگا سولر نامی کانسیپٹ لیپ ٹاپ بھی پیش کیا گیا۔
اس لیپ ٹاپ کے بیک پر سولر پینلز نصب ہیں جو سورج کی روشنی کو جذب کرسکتے ہیں۔
ویسے تو یہ لیپ ٹاپ روایتی چارجر ہی زیادہ کام کرے گا مگر سولر پاور سے صارفین اسے اس وقت زیادہ استعمال کرسکیں گے جب ان کے اردگرد کوئی چارجنگ پوائنٹ نہیں ہوگا البتہ سورج کی روشنی ضرور دستیاب ہوگی۔
کمپنی کا تو دعویٰ ہے کہ لیپ ٹاپ صارف کے اردگرد موجود عام روشنی بھی جذب کرکے بیٹری لائف کو ایک گھنٹے تک بڑھا دے گا۔