01 مارچ ، 2012
ملتان … لاہور میں امریکی قونصل جنرل نینا ماریہ فائٹ کا کہنا ہے کہ پاکستان توانائی کے شعبہ میں اپنی ضروریات پوری کرنے کیلئے اپنے قدرتی وسائل سے کام لے سکتا ہے، امریکا بھی اس کی مدد کرے گا۔ ملتان میں چیمبر آف کامرس سے خطاب کرتے ہوئے لاہور کی قونصلر جنرل نینا ماریا فائٹ کا کہنا تھا کہ امریکا پاکستان کے کئی بجلی گھروں کی مرمت اور پرانی مشینری کی تبدیلی کیلئے پہلے ہی 15 ملین ڈالر سے زائد رقم خرچ کر ر ہا ہے اور آگے بھی یو ایس ایڈ پاکستان کی توانائی کی ضروریات پوری کرنے میں مدد کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ امریکا، پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات جاری رکھنا چاہتا ہے اس سلسلہ میں ہمیں پاکستانی حکومت کے اقدامات کا انتظار ہے جو اس پر پارلیمنٹ میں بحث کرانا چاہتی ہے کہ امریکا سے اسٹریٹجک تعلقات کیسے آگے بڑھائے جائیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کے صنعتکاروں اور تاجروں کیلئے یورپی اور امریکی مارکیٹ اہم ہیں لیکن انہیں انڈیا اور چین جیسی بڑی مارکیٹوں سے بھی فائدہ اٹھانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی کاروباری افراد کیلئے آسان ویزا پالیسی پر کام کیا جارہا ہے جبکہ دیہی اور کاروبار سے وابستہ خواتین کی ترقی کیلئے مختلف پروگرام چل رہے ہیں۔