04 مارچ ، 2025
کراچی: ملک کے شمالی اور بالائی علاقوں میں 3 سے 4 روز کے دوران سردی کی لہر اثر انداز ہونے کا امکان ہے جب کہ سندھ اور بلوچستان میں بھی موسم میں تبدیلی ہوگی۔
موسمیاتی تجزیہ کار کے مطابق پاکستان کے شمالی علاقوں میں برفباری کے باعث سرد ہوائیں ملک پر اثرانداز ہوسکتی ہیں۔
موسمیاتی تجزیہ کار نے بتایا کہ کراچی سمیت سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں 2 سے 3 روزکیلئے درجہ حرارت میں کمی کا امکان ہے تاہم یہاں ساحلی علاقوں میں سردی کی لہر آنےکا امکان نہیں کیونکہ سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں سے موسم سرما ختم ہوچکا ہے۔
موسمیاتی تجزیہ کار کے مطابق کراچی میں آج رات سے 5 مارچ کے دوران رات کے درجہ حرارت میں 2 سے 3 ڈگری کمی کا امکان ہے جب کہ شہر کے اکثر علاقوں میں رات کا درجہ جرارت 13 سے 16 ڈگری سینٹی گریڈ رہ سکتا ہے۔
موسمیاتی تجزیہ کار نے مزید بتایا کہ کراچی کے مضافات میں درجہ حرارت 10سے 12 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے جہاں سرجانی ٹاؤن، اسکیم 33، اسٹیل ٹاؤن میں درجہ حرارت 10 سے 13 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا جاسکتا ہے۔
اسی طرح فیڈرل بی ایریا، اورنگی ٹاؤن، گلشن اقبال میں درجہ حرارت 12 سے 15 ڈگری، سمندر کے قریب علاقوں میں درجہ حرارت 17 سے 20 ڈگری سینٹی گریڈ اور آج رات سے 5 مارچ تک دن کا درجہ حرارت 29 سے 31 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
موسمیاتی تجزیہ کار کے مطابق 6 مارچ کے بعد سے ایک بار پھر دن اور رات کے درجہ حرارت میں تیزی سے اضافہ دیکھا جائے گا، 6 مارچ کے بعد سے دن کا درجہ حرارت 35 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے، رات کا درجہ حرارت 22 سے 25 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے جب کہ وسطی سندھ میں درجہ حرارت 10 سے 12 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔