05 مارچ ، 2025
لاہور پولیس نے غوا برائے تاوان کا جھوٹا کیس بے نقاب کرکے 12 گھنٹوں میں خودساختہ مغوی سمیت 2 ملزمان کوگرفتار کرلیا۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے مطابق عبدالرحمان نامی شہری نے 30 سالہ بیٹے صغیر احمد کے اغوا کی درخواست تھانہ قائداعظم انڈسٹریل میں جمع کروائی جس پر تفتیش کی گئی تو اغواکا یہ معاملہ ڈرامہ نکلا۔
فیصل کامران نے بتایا کہ تحقیقات میں معلوم ہوا 30 سالہ صغیر احمد نے دوست کے ساتھ مل کر اغوا کا ڈرامہ رچایا اور دوست کے ذریعے گھر والوں سے 2 کروڑ تاوان مانگا۔
ڈی آئی جی کے مطابق پولیس نے ٹیکنالوجی کا استعمال کرکے مغوی اور اس کے دوست کو گرفتار کرلیا جب کہ ملزمان نے دوران تفتیش اغوا کا ڈرامہ خود ہی بے نقاب کر دیا، دونوں ملزمان کو مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کردیا گیا ہے۔