06 مارچ ، 2025
پریزیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کے فائنل میں پی ٹی وی کے خلاف سعود شکیل کے ٹائمڈ آؤٹ ہونےکے حوالے سے اسٹیٹ بینک کے منیجر ظہیرالحسن نے وضاحت جاری کی ہے۔
خیال رہے کہ 4 مارچ کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریزیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کے فائنل میں پی ٹی وی کے خلاف اسٹیٹ بینک کے بیٹر سعود شکیل کو ٹائمڈ آؤٹ قرار دیا گیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق سعود شکیل ٹائمڈ آؤٹ ہونے والے پہلے پاکستانی بیٹر ہیں جب کہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں وہ دنیا کے ساتویں کرکٹر ہیں جو ٹائمڈ آؤٹ کا شکار ہوئے۔
سری لنکن آل راؤنڈر اینجلو میتھیوز واحد کرکٹر ہیں جو انٹرنیشنل کرکٹ میں ٹائمڈ آؤٹ ہوئے۔ انہیں آئی سی سی ورلڈکپ 2023 کے دوران بنگلادیش کے میچ میں ٹائمڈ آؤٹ قرار دیا گیا تھا۔
خیال رہےکہ آئی سی سی قانون کے مطابق وکٹ گرنے یا کسی بیٹرکے ریٹائر ہونےکے بعد نئے بیٹرکو 2 منٹ کے اندر وکٹ پر پہنچ کرگیندکا سامنا کرنےکے لیے تیار رہنا ہوتا ہے، بصورت دیگر اسے آؤٹ قرار دیا جاسکتا ہے۔
سعود شکیل کے ٹائمڈ آؤٹ ہونےکے معاملے پر اسٹیٹ بینک کے منیجر ظہیرالحسن کا کہنا ہےکہ اس حوالے سے سوشل میڈیا پر من گھڑت خبریں گردش کر رہی ہیں، جھوٹی خبریں پھیلائی جا رہی ہیں کہ سعود شکیل نیندکی وجہ سے ٹائمڈ آؤٹ ہوئے۔
'فوادعالم کی وکٹ گرنےکے وقت سعود شکیل واش روم میں تھے'
ظہیرالحسن کا کہنا تھا کہ سعودشکیل اپنی بیٹنگ سے قبل مکمل تیار تھے، عمرامین اور فوادعالم کی ایک ساتھ وکٹیں گریں، سعود نے فواد کے بعد بیٹنگ کرنے جانا تھا، فوادعالم کی وکٹ گرنےکے وقت سعود شکیل واش روم میں تھے جس کے باعث تاخیر ہوئی۔
ظہیرالحسن کے مطابق سعود شکیل وقت سے قبل کریز پر پہنچ گئے تھے، سعودشکیل نے امپائر سے وقت کا پوچھا تو امپائر نےکہا ابھی کچھ سیکنڈز باقی ہیں، تاہم پی ٹی وی کے کپتان عمادبٹ نے ٹائمڈ آؤٹ کی اپیل کی جس پر امپائر نےعمادبٹ سے پوچھا کہ کیا آپ اپیل پر سنجیدہ ہیں؟ عمادبٹ نے امپائر کو کہا سعود کی ٹائمڈ آؤٹ کی اپیل کی ہے، آپ اپنا کام کریں۔
اسٹیٹ بینک کے منیجر ظہیرالحسن کے مطابق پی ٹی وی کے کوچ محمد وسیم نے بھی ٹائمڈ آؤٹ قرار دینےکے بعد کہا تھا کہ سعود شکیل کو واپس بلالیں۔
3گیندوں پر4 وکٹیں گرنےکا منفرد واقعہ
واضح رہےکہ سعود شکیل کو ٹائمڈ آؤٹ قرار دیے جانے کی وجہ سے اسٹیٹ بینک کی 3 گیندوں پر 4 وکٹیں گری تھیں۔
اننگز کےستائیسویں اوور کی تیسری گیند پر پی ٹی وی کے فاسٹ بولر محمد شہزاد نے عمر امین کو آؤٹ کیا، چوتھی گیند پر فواد عالم آؤٹ ہوئے۔پانچویں گیند سے قبل سعود شکیل کو ٹائمڈ آؤٹ قرار دے دیا گیا اور پانچویں گیند پر شہزاد نے عرفان نیازی کو بولڈ کرکے ہیٹ ٹرک بھی مکمل کی اور اس طرح پی ٹی وی کو یکے بعد دیگرے 3 گیندوں پر 4 وکٹوں کا نقصان ہوگیا۔